کراچی گینگ وار کریکر حملے فائرنگ اور تشدد سے 8 افراد ہلاک

رینجرزکے آپریشن کے باوجودعذیراورلاڈلاکے کارندے دن بھرفائرنگ کرتے رہے،کھڈہ مارکیٹ میں2،بہارکالونی میں ایک شخص ماراگیا


Staff Reporter January 11, 2014
بفرزون ، گلشن معماراور کورنگی میں فائرنگ کے واقعات کے دوران 3 افراد نشانہ بنے ،پاک کالونی اورسٹی اسٹیشن کے قریب سے 2لاشیں ملیں فوٹو: فائل

SUNDVOLLEN: کراچی میں لیاری گینگ وارکے گروپوںکے درمیان تصادم،کریکرحملوں،فائرنگ اور پرتشدد واقعات کے دوران8افرادہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کی صبح کلاکوٹ تھانے کی حدودرانگی واڑہ اور تغلق لائن کے درمیان کالعدم پیپلزامن کمیٹی کے کمانڈر فیصل پٹھان اورلیاری گینگ وار کے سرغنہ بابالاڈلا کے کمانڈرندیم جاپان والاکے کارندے ایک دوسرے کے خلاف مورچہ بندفائرنگ کرتے رہے،ملزمان نے کریکر اوراعوان گولوں کابھی استعمال کیا،علاقہ پولیس کے مطابق صبح ساڑھے9 بجے شروع ہونے والی فائرنگ کے سلسلہ ساڑھے12بجے تک مسلسل جاری رہاجس کے بعد فائرنگ میں کمی آئی تاہم وقفے وقفے سے فائرنگ جاری رہی، کلاکوٹ کے علاقے جمن شاہ پلاٹ کے قریب کریکرحملے سے 55 سالہ محمدشفیع بلوچ زخمی ہو گیا جسے سول اسپتال لایا گیا،رات کی تاریکی پھیلتے ہی بغدادی کے علاقے لیاری کھڈہ مارکیٹ غوثیہ موبائل مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے تاجو گروپ کا25 سالہ محمد وقار پٹنی ہلاک جبکہ35سالہ جاویدزخمی ہو گیا۔ کھڈہ مارکیٹ مچھلی مارکیٹ کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے30سالہ محمد رؤف میمن ہلاک ہوگیا۔ٹینری روڈبہارکالونی فینسی بیکری کے قریب مسلح ملزمان نے22 سالہ نوجوان کو سر میں گولی مار کر ہلاک کر دیا، مقتول کی لاش سول اسپتال لائی گئی ، ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت نہیں ہوسکی۔



شاہ عبدالطیف بھٹائی روڈبغدادی تھانے کی قریب فائرنگ سے20 سالہ سکندر کچھی زخمی ہوگیا۔واضح رہے کہ شہرکے دیگرعلاقوں کی طرح لیاری میں بھی رینجرزکے تابڑتوڑچھاپے اورٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے،آپریشن اورچھاپوں کے دوران لیاری گینگ وار کے متعدد غیرمعروف کارندے مبینہ مقابلوں میں مارے گئے جبکہ متعددبھی پکڑے گئے تاہم ان تمام کارروائیوں کے باوجودلیاری میں جوئے،سٹے،منشیات کے تمام اڈے کھلے رہے۔3دن سے کالعدم پیپلزامن کمیٹی اور لیاری گینگ وار کے کارندے ایک دوسرے کے خلاف مورچہ بند ہو کر فائرنگ کررہے ہیں جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ادھر بفرزون کے بی آر سوسائٹی میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے25سالہ قیصرخان ہلاک ہوگیا، مقتول اپناہوٹل کھول رہا تھا کہ موٹر سائیکل سوار2 ملزمان آئے اوراس کے سر پر گولی مار کر فرار ہوگئے،مقتول علاقے کارہائشی جبکہ اس کا آبائی تعلق پشاور سے تھا۔گلشن معمارکے علاقے میں تھانے کے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے40سالہ رحمت ہلاک ہوگیا، مقتول سبزی منڈی کارہائشی اورمحنت کش تھا،آبائی تعلق افغانستان سے تھا۔پاک کالونی بسم اللہ ہوٹل کے عقب میں ندی سے نامعلوم 25سالہ شخص کی لاش ملی جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ میٹھادر کے علاقے میں سٹی اسٹیشن کے قریب سے لاش ملی،شناخت نہیں ہوسکی جبکہ وجہ موت بھی سامنے نہیں آسکی۔اورنگی ساڑھے11میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے35سالہ محمداکمل زخمی ہوگیا۔زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی نمبر 2 میں فائرنگ سے30 سالہ سجاد ولد منظور ہلاک ہو گیا۔ مقتول کورنگی مہران ٹاؤن کا رہائشی اور نجی فیکٹری کا ملازم تھا، مقتول متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن تھا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں