پاکستان فٹبال تنازعات کی ٹھوکروں نے معطلی کے کنویں میں دھکیل دیا

اشفاق گروپ کی جانب سے ہیڈکوارٹرز کا چارج نہ چھوڑنے پر فیفا انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور، فنڈز بھی روک دیے۔


Abbas Raza April 08, 2021
انتظام، اکاؤنٹس اوررابطے کے تمام ذرائع نارملائزیشن کمیٹی کو سونپنے تک حیثیت بحال نہیں کی جائے گی۔ فوٹو: فائل

تنازعات کی ٹھوکروں نے پاکستان فٹبال کو معطلی کے کنویں میں دھکیل دیا جب کہ اشفاق گروپ کی جانب سے ہیڈکوارٹرز کا چارج نہ چھوڑنے پر فیفا انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوگئی۔

پاکستان فٹبال کے معاملات کو ٹریک پر لانے کیلیے فیفا نے ہارون ملک کی زیرسربراہی نئی نارملائزیشن کمیٹی کا اعلان 20جنوری کو کیا تھا، اسے30جون تک کا مینڈیٹ دیتے ہوئے الیکشن کے ذریعے منتخب باڈی لانے کی ذمہ داری دی گئی مگر اشفاق گروپ نے لاہور میں موجود فٹبال ہاؤس سے نارملائزیشن کمیٹی کے اسٹاف کو نکال دیا۔

پی ایف ایف کے سابق صدر انجینئر اشفاق کا موقف تھا کہ کمیٹی اپنا ٹاسک مکمل کرنے میں ناکام رہی اور19ماہ میں فیڈریشن کے انتخابات نہ کرا سکی، ممبران لاکھوں روپے تنخواہ لینے کے باوجود کچھ نہیں کررہے، لہٰذا اسلام آباد میں ہونے والی کانگریس میٹنگ میں قرارداد پاس ہونے کے بعد ہم نے چارج سنبھال لیا۔ جواب میں ہارون ملک نے کہا تھا کہ ہیڈ کوارٹرز پر زبردستی قبضہ کیا گیا ہے۔

اس صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فیفا نے ایک لیٹر جاری کیا جس میں اشفاق گروپ کو31مارچ کی رات 8بجے تک فٹبال ہاؤس خالی کرنے کی وارننگ دی گئی۔

سیکریٹری فاطمہ سامورا کی جانب سے کہا گیا کہ ہارون ملک کی سربراہی میں نارملائزیشن کمیٹی ہی پاکستان میں فٹبال کے معاملات چلانے کی مجاز ہے، اس کے اسٹاف کی فٹبال ہاؤس سے بے دخلی اور ہراساں کرنے پر سخت تشویش ہے، فیڈریشن کے معاملات میں مداخلت غیر قانونی ہے، فیفا کی نامزد کمیٹی کو ہیڈ کوارٹرز کا چارج نہ دیا گیا تو پاکستان فٹبال کو معطل کرنے کا فیصلہ کرسکتے ہیں،اس وارننگ کے باوجود اشفاق حسین گروپ نے اپنی ضد نہ چھوڑی،اس کا موقف تھا کہ معطلی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، کئی اور ملک بھی معطل ہیں، وہی کام کریں گے جو ملکی فٹبال کے مفاد میں ہوگا۔

اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے بدھ کو فیفا نے پاکستانی کی معطلی کا لیٹر جاری کردیا، دنیا بھر کی ممبر ایسوسی ایشنز کو مطلع کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فیصلے کا اطلاق 6اپریل سے ہوگا، لیٹر میں واضح کر دیاگیاکہ یہ معطلی تب ختم ہوگی جب اس کی مقرر کردہ نارملائزیشن کمیٹی تحریری طور پر اسے مطلع کرے کہ ہیڈکوارٹر کا انتظام، اکاؤنٹس اور رابطے کے تمام ذرائع اس کے حوالے کیے جا چکے ہیں۔

معطلی کا حکم نامہ جاری ہونے کے بعد پاکستان اپنے رکنیت کے تمام حقوق کھوبیٹھا،کوئی قومی یا کلب ٹیم فیفا کے تحت کسی انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت نہیں کرسکے گی،پی ایف ایف کو فیفا کے مالی معاونت بھی روک دی گئی، فیفا کی جانب سے جاری کردہ لیٹر میں ان پابندیوں کی تفصیل جاری کرنے کے ساتھ تمام ممبر ایسوسی ایشنز پر واضح کیا گیاکہ پاکستان کے ساتھ فٹبال سرگرمیوں کے حوالے سے کوئی روابط نہ رکھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں