
عفت عمر نے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد سیاسی اثرو رسوخ استعمال کرکے وقت سے پہلے ہی کورونا ویکسین لگوانے پر معافی مانگی تھی۔ اور اب ازالے کے طور پر انہوں نے 10 لوگوں کو کورونا ویکسین لگوانے کا بھی کہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیاسی اثرورسوخ استعمال کرکے ویکسین لگانے پرتنقید کے بعد عفت عمرکوشرمندگی
عفت عمر کے معافی والے ٹویٹ پر بہت سارے کمنٹس آئے تھے جن میں سے کچھ لوگوں نے انہیں یہ شرمناک کام کرنے پر دوبارہ کھری کھری سنائیں جب کہ کچھ لوگوں نے ان کے معافی والے عمل کو سراہا۔ ان ہی میں سے ایک ڈاکٹر فیصل بخاری نامی شخص نے عفت عمر کے ٹوئٹ پر انہیں مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ آپ کو معاف کردیا جائے گا اگر آپ ویکسین کا دوسرا ڈوز (خوراک) نہ لیں اور اپنی باری کا انتظار کریں۔
عفت عمر نے اس شخص کو جواب دیتے ہوئے کہا میں ایسا ہی کروں گی اور 10 لوگوں کو کورونا ویکسین بھی لگواؤں گی۔

صارف نے عفت عمر سے کہا میں آپ کی اس حرکت پر اس لیے غصہ تھا کیونکہ میری والدہ کی عمر 76 برس ہے اور وہ کینسر کی مریضہ ہیں انہیں ابھی تک کورونا ویکسین نہیں لگی ہے۔ خیر آپ نے اپنی غلطی مان کر صحیح کیا۔
عفت عمر نے سوشل میڈیا صارف کی بات پر کہا کہ میں حرکت پر پچھتارہی ہوں اور واقعی شرمندہ ہوں لیکن میں اپنی غلطی سدھاروں گی براہ مہربانی میری معذرت قبول کریں۔

عفت عمر نے دیگر سوشل میڈیا صارفین کو بھی یقین دلایا کہ وہ 10 ضرورتمندوں کو ویکسین لگوائیں گی۔
10 ppl
— Iffat Omar Official (@OmarIffat) April 6, 2021
واضح رہے کہ عفت عمر کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں وفاقی وزیر ہاوسنگ اینڈ ورکس طارق بشیر چیمہ کی رہائشگاہ پر ویکسین لگواتے ہوئے دیکھاجاسکتا ہے۔ صرف عفت عمر نے نہیں بلکہ وفاقی وزیر کے اہلخانہ نے بھی گھر پر کورونا ویکسین لگوائی تھی۔
دراصل تنازع ویکسین لگوانے پر نہیں تھا بلکہ تنازع کی اصل وجہ عمر تھی۔ کیونکہ اس وقت صرف 60 سال سے زائد عمر کے لوگوں اور صحت کے کارکنوں کو ہی ویکسین لگوانے کی اجازت تھی۔ اور عفت عمر سمیت طارق بشیر چیمہ کے گھر کے ان لوگوں نے بھی ویکسین لگوائی تھی جن کی عمر 60 سال سے کم تھی۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔