پاکستانی پارلیمانی وفد کا دورہ افغانستان ملتوی ہوگیا

سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کابل انٹرنیشنل ائیرپورٹ بند ہے، ذرائع


ویب ڈیسک April 08, 2021
سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کابل انٹرنیشنل ائیرپورٹ بند ہے، ذرائع۔ فوٹو:اسکرین گریپ

LONDON: سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستانی پارلیمانی وفد کا دورہ افغانستان میں ملتوی ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں پاکستانی پارلیمانی وفد نے افغانستان کا تین روزہ دورہ کرنا تھا، تاہم اب وفد کا دورہ افغانستان ملتوی ہوگیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کابل انٹرنیشنل ائیرپورٹ بند ہے، جس کے باعث پاکستانی وفد کو بھی دورہ ملتوی کرنا پڑا۔

دورہ ملتوی ہونے پر افغان چئیرمین سینیٹ فضل ہادی مسلم یار اور اسپیکر ولوسی جرگہ میر رحمان رحمانی نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو الگ الگ فون کئے، اور دورہ ملتوی ہونےکے معاملہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر ولوسی جرگہ اور چیئرمین افغان سینیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد کا جہاز سیکورٹی خدشات کے باعث نہیں اتر سکا، پاکستانی وفد کی سیکیورٹی ہرچیز پر مقدم ہے، امید ہے بہت جلد پاکستان کا پارلیمانی وفد کابل کے دورے پر آئے گا۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی صورتحال بہترہونے پر جلد افغانستان آؤں گا، افغانستان میں امن و استحکام کے لئے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، افغانستان کے ساتھ تعلقات کو بہت عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اس سے قبل میڈیا سے غیررسمی بات کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے عوام کی سطح پر روابط بڑھانے کا خواہا ں ہے، افغان قیادت کے ساتھ بات چیت کے دوران تجارت اور سرمایہ کاری کے امور زیر بحث آئیں گے۔ جب کہ پاکستان کا پارلیمانی وفد افغان صدر اشرف غنی اور وزیر خارجہ محمد حنیف سے ملاقاتیں کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں