کراچی میں سال کی اب تک کی سب سے بڑی ڈکیتی کے 2 ملزمان گرفتار

ملزمان کے قبضے سے ڈھائی کروڑ روپے مالیت کے پرائز بانڈ بھی برآمد کرلیے گئے


Staff Reporter April 08, 2021
ملزمان نے جمشید روڈ سے تین کروڑ روپے کے پرائز بانڈ لوٹے تھے فوٹوفائل

PARIS: شہرقائد میں اب تک کی سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات میں ملوث 2 ملزمان کو اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی ایو) نے شہر سے باہر فرار ہوتے ہوئے گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق 5 اپریل کو جمشید روڈ پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اسلحے کے زور پر کنسٹرکشن کمپنی کے ملازم سے تین کروڑ روپے مالیت کے پرائز بانڈ لوٹ لیے تھے ، جمشید کوارٹرز پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کے حوالے کردی تھی۔

یونٹ کے ایس ایس پی حیدر رضا نے بتایا کہ جب تفتیش کا آغاز کیا گیا تو پتہ چلا کہ کمپنی کے بھی کچھ افراد واردات میں شامل ہیں، جس پر تکنیکی انداز میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا گیا تو 2 ملزمان تک پولیس پہنچی اور انھیں گزشتہ روز ایم اے جناح روڈ پر انٹر سٹی بس ٹرمینل سے گرفتار کرلیا۔

دونوں ملزمان نوید احمد اور فرحان احمد ہاشمی شہر سے فرار ہورہے تھے، پولیس نے ان دونوں کے قبضے سے ڈھائی کروڑ روپے مالیت کے پرائز بانڈ بھی برآمد کرلیے۔ ایس ایس پی رضا حیدر نے مزید بتایا کہ نوید احمد گینگ کا سرغنہ ہے، اس واردات میں اس کے ساتھ ارمان عرف نومی، عقیل، ایان، نوشاد، اویس، فضل، ریحان اورعلی سمیت دیگر بھی شامل تھے۔ 50 لاکھ روپے کے پرائز بانڈ نوید نے دیگر ملزمان میں بانٹ دیے تھے۔

ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں بھی مختلف شہروں میں چھاپے مارے جارہے ہیں، ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں مزید بتایا کہ انھوں نے اپنے دیگر ساتھیوں یاسر ، فضل اور مظہر کے ہمراہ ایک ڈاکٹر سے 14 لاکھ روپے مالیت کے پرائز بانڈ لوٹے تھے جس میں نوید اور مظہر گرفتار بھی ہوئے تھے۔ نوید 13 ماہ جیل میں گزار کر واپس آگیا تھا جبکہ مظہر اب تک جیل میں ہے، اس کے علاوہ ملزمان نے چند روز قبل نیو کراچی کے علاقے سے 20 لاکھ روپے مالیت کا گٹکا بھی لوٹا تھا ، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔