ٹی ٹوئنٹی سیریز فخرزمان مڈل آرڈر میں بھی بیٹنگ کیلیے تیار

 نئی گیند کا میرٹ پر سامنا کیا، سیٹ ہونے کے بعدنیچرل انداز سے کھیلا،اوپنر

نئی گیند کا میرٹ پر سامنا کیا، سیٹ ہونے کے بعدنیچرل انداز سے کھیلا،اوپنر۔ فوٹو: سوشل میڈیا

جنوبی افریقہ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فخرزمان مڈل آرڈر میں بھی بیٹنگ کیلیے تیار ہیں۔

جنوبی افریقہ سے ون ڈے میچز میں 2سنچریاں بنا کر مین آف دی سیریز قرار پانے والے فخرزمان کا کہناہے کہ کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے ابتدائی 6اوورزمیں وکٹ بچائے رکھنے کی حکمت عملی اپنائی،ورچوئل میڈیا کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ نئی گیند کا میرٹ پر سامنا کیا، سیٹ ہونے کے بعد اپنے نیچرل انداز سے بیٹنگ کی، اسی وجہ سے وکٹ پر زیادہ دیر قیام اور پرفارم کرنے کا موقع ملا۔

انھوں نے کہا کہ ٹیم انتظامیہ نے افریقی کنڈیشنز میں کارکردگی بہتر بنانے کے مشورے دیے تھے،ڈریسنگ روم میں مصباح الحق اور یونس خان جیسے پرفارمرز کی موجودگی سے بہت کچھ سیکھنے اور فائدہ اٹھانے کا موقع مل رہا ہے، اکیڈمی میں سخت محنت کرنے کا صلہ اچھی پرفارمنس کی صورت میں حاصل ہوا، بْرے وقت میں سپورٹ کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سنچری یا ڈبل سنچری نہیں بلکہ اس بات پر توجہ مرکوز ہوتی ہے کہ اننگز ٹیم کے کام آئے۔


اوپنر نے کہاکہ پاکستان ٹیم کو اس سیریز میں جیت کی بہت ضرورت تھی، پروٹیز کو ہوم کنڈیشنز میں ہرانا بہت بڑی بات ہے،اس زبردست فتح سے سب کے اعتماد میں بے پناہ اضافہ ہوگیا۔

فخرزمان نے کہا کہ بابر اعظم دوسرے اینڈ پر موجود ہوں تو بڑی شراکت قائم کرنے میں مدد ملتی ہے، کپتان مشکل کنڈیشنز کو بھی آسان بنانے کے ماہر ہیں، وہ ڈریسنگ روم اور میدان میں سب کو بہت سپورٹ کرتے ہیں،اسی طرح میرا ساتھی اوپنر امام الحق کے ساتھ بھی کافی اچھا تال میل ہے جس کی وجہ سے ہم اچھا آغاز فراہم کرنے میں کامیاب رہتے ہیں۔

فخر زمان نے شرجیل خان کو اپنے فیورت کرکٹرز میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں ان کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنے کا موقع ملا تو کافی اچھا لگے گا، وہ بہت زبردست بیٹسمین اور جارحانہ اسٹروکس آسانی سے کھیلتے ہیں، بابر اعظم اور محمد رضوان کی بطور اوپنرز عمدہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے میں مڈل آرڈر سمیت کسی بھی بیٹنگ نمبر پر کھیلنے کو تیار ہوں، یہ فیصلہ کرنا ٹیم انتظامیہ کا کام ہے کہ کسے کس نمبر پر کھلانا ہے۔
Load Next Story