جاوید لطیف چھوڑ دیں پاکستان کسی اور ملک کی شہریت لے لیں لاہور ہائیکورٹ

ہائی کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیخلاف بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست نمٹادی۔


ویب ڈیسک April 09, 2021
ہائی کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیخلاف بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست نمٹادی۔

لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف کیخلاف بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست نمٹادی۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ن لیگی ایم این اے جاوید لطیف کی بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔ لیگی رہنما جاوید لطیف عدالت میں پیش ہوئے۔

جاوید لطیف نے اپنے خلاف مقدمے کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پنجاب پولیس کی جانب سے بے بنیاد الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، حکومت کی جانب سے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، مقدمے میں ماتحت عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے، درخواست گزار ایک سیاسی کارکن ہے، عوامی نمائندگی کے مینڈیٹ کے تحت قانون کی پاسداری پر یقین رکھتا ہے، میرے خلاف درج مقدمے کو کالعدم قرار دینے کا حکم دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: لیگی ایم این اے جاوید لطیف کے خلاف ریاست کے خلاف بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ

چیف جسٹس ہائی کورٹ نے کہا کہ کالے کوٹ والے نے پاکستان بنانے میں کردار ادا کیا تھا، جو شخص ملک کے خلاف بات کرے میں اس کو ریلیف نہیں دوں گا، پہلے اس ملک کے خلاف بات کرنا پھر اس ملک کی عدالتوں سے ریلیف لینے آجانا، ایسے نہیں ہوگا۔

چیف جسٹس قاسم خان نے ریمارکس دیے کہ ہماری حب الوطنی ہے یا حب الشخصی ہے، پاکستان کی اسمبلیوں میں حلف لینے والے اپنے گریبان میں جھانکیں، جاوید لطیف چھوڑ دیں پاکستان ،کسی اور ملک کی شہریت لے لیں، پاکستان کھپے کا نعرہ نہ لگانے والوں کو لوگ چیونٹیوں کی طرح مسل دیں گے۔

جاوید لطیف کے وکیل نے درخواست واپس لے لی تو عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹادی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں