تیز رفتار بائیک پر سیلفی کا جنون نوجوان کی جان لے گیا

ہم قانون کے مطابق موٹرسائیکل چلانے والے کے خلاف تیزرفتاری کا مقدمہ درج کریں گے، پولیس


ویب ڈیسک April 09, 2021
ہم قانون کے مطابق موٹرسائیکل چلانے والے کے خلاف تیزرفتاری کا مقدمہ درج کریں گے، پولیس

بھارت میں چلتی موٹرسائیکل پر سیلفی لینے کا جنون ایک اور نوجوان کی جان لے گیا۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر بریلی کے ضلع بوڈاؤن میں 17 سالہ نوجوان شعیب اپنے کالج کے دوستوں امان اور ارمان کے ہمراہ موٹرسائیکل پر علاقے کی سیر کو نکلا۔

شعیب کو چلتی ہوئی موٹرسائیکل سے سیلفی لینے کا آئیڈیا آیا لیکن تیز رفتار موٹرسائیکل پر سیلفی لینے کی کوشش میں جیسے ہی وہ کھڑا ہوا تو اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور موٹرسائیکل بھی اس کے کنٹرول سے باہر ہوگئی جس کے نتیجے میں وہ بجلی کے گھمبے سے ٹکراگیا۔

پولیس کے مطابق تیزرفتاری کے باعث شعیب اور پیچھے بیٹھے امان، ارمان کو شدید چوٹیں آئیں۔ شعیب کے والد کو کسی نے فون کرکے ساری صورتحال سے آگاہ کیا تو وہ فوراً موقع پر پہنچ گیا اور تینوں بچوں کو اسپتال منتقل کیا لیکن شعیب سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے جانبر نہ ہوسکا۔

پولیس کے مطابق زخمی نوجوانوں کے خاندان نے ہمارے پہنچنے سے پہلے ہی انہیں اسپتال منتقل کردیا تھا اور کسی کی جانب سے کوئی شکایت درج نہیں کی گئی ہے جب کہ خاندان نے شعیب کا پوسٹ مارٹم کرنے سے بھی منع کردیا ہے تاہم ہم قانون کے مطابق موٹرسائیکل چلانے والے کے خلاف تیزرفتاری کا مقدمہ درج کریں گے اور ہمیں یہ بھی علم ہوا کہ یہ نوجوان تیز رفتار موٹرسائیکل کی تصاویر اور ویڈیوز بھی بنارہے تھے جس کی ہم تفتیش کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں