دن میں ایک یا دو میچز فرنچائزز سے رائے طلب

سنگل ہیڈر کی صورت میں مقابلے مئی کے آخری ہفتے سے 20جون تک ہونگے۔

پی ایس ایل 6کے بقیہ میچز کا شیڈول فائنل ہونے میں تاخیر پر فرنچائزز ناخوش۔ فوٹو: فائل

TOKYO:
دن میں ایک میچ کرائیں یا 2، پی سی بی نے پی ایس ایل فرنچائزز سے رائے طلب کر لی۔

کورونا کیسز کی وجہ سے پی ایس ایل6کو14میچز کے بعد ہی روکنا پڑ گیا تھا، پی سی بی نے جون میں بقیہ میچز مکمل کرانے کا اعلان کیا ہے، البتہ تاحال شیڈول کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی، فرنچائزز بھی تاخیر سے ناخوش ہیں، ان کا کہنا ہے کہ جب تک میچز کی تاریخوں کا علم نہیں ہوگا وہ غیرملکی کرکٹرز کی دستیابی کا کیسے اندازہ لگائیں گی،بورڈ نے کئی روز قبل شیڈول بھیجنے کا کہا تھا تاہم اب تک ایسا نہیں ہوا،2،3آپشنز پر تبادلہ خیال ضرور کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ دنوں پی سی بی کی جانب سے فرنچائزز سے رابطہ کر کے پوچھا گیا کہ دن میں ایک یا 2کتنے میچز کرانا مناسب رہے گا؟ اس حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کریں، جون میں کراچی کے گرم موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے بیشتر فرنچائزز ایک ہی میچ کے حق میں ہیں، البتہ ہفتے اور اتوار کو2میچز ہوا کریں گے، اس کا حتمی فیصلہ بورڈ ہی کرے گا۔


سنگل ہیڈر کی صورت میں میچز مئی کے آخری ہفتے سے 20جون تک جاری رہیں گے،کھلاڑی بائیو ببل کا حصہ بن کر ممکنہ طور پرایک ہفتے کا قرنطینہ مکمل کریں گے، جون کے اوائل میں میچزکاآغاز ہوگا۔

پی سی بی نے سابقہ ناخوشگوار تجربات سے سبق سیکھتے ہوئے اس بار بائیو سیکیورٹی کی ذمہ داری ایک برطانوی کمپنی کو سونپ دی،البتہ ملک میں کورونا کی تیسری لہر کے سبب بورڈ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،حکام یہی امید کر رہے ہیں کہ جلد حالات میں بہتری آئے، اگر جون میں میچزکاانعقاد ممکن نہ ہوا تو نئی ونڈو کی تلاش میں مزید مشکلات ہو سکتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق مصروفیات کی وجہ سے پی ایس ایل میں زیادہ اہم غیرملکی کرکٹرز کی شرکت کا امکان کم ہے۔
Load Next Story