قصور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تحریک انصاف کے مقامی رہنما سمیت 5 افراد جاں بحق

مسعود بھٹی پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 176 پر تحریک انصاف کے امیدوار بھی تھے۔

بظاہر واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے تاہم تحقیقات کے بعد ہی اصل حقائق کا پتہ چل پائے گا، پولیس فوٹو: فائل

نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تحریک انصاف کے مقامی رہنما مسعود بھٹی سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے مقامی عہدیدار مسعود بھٹی لاہور سے قصور جارہے تھے کہ فیروز پور روڈ پر مصطفیٰ آباد ٹول پلازہ کے قریب موٹر سائیکل پر سوار پہلے سے گھات لگائے نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں مسعود بھٹی اور ان کے 3 گارڈز موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ان کا وکیل دوست زخمی ہوگیا۔ لاشوں اور زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمی بھی دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے تاہم تحقیقات کے بعد ہی اصل حقائق کا پتہ چل پائے گا۔


وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کردی ہے، دوسری جانب مقتولین کے لواحقین کا کہنا ہے کہ پولیس واقعے میں ملوث بااثر افراد کی پشت پناہی کررہی ہے، اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات پیش آچکے ہیں لیکن انھیں گرفتار نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ مسعود بھٹی عام انتخابات میں پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 176 پر تحریک انصاف کے امیدوار بھی تھے تاہم مختلف معاملات پر ان کے کئی افراد سے تنازعات بھی چل رہے تھے۔
Load Next Story