پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کمزور پروٹیز کو شکست دیدی

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 اپريل 2021
قومی ٹیم کی جانب سے محمد رضوان نے نصف سنچری اسکور کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا - فوٹو؛ آئی سی سی

قومی ٹیم کی جانب سے محمد رضوان نے نصف سنچری اسکور کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا - فوٹو؛ آئی سی سی

جوہانس برگ: پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو 4 وکٹ سے شکست دیدی۔ 

جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 188 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان نے محمد رضوان نے شاندار اننگز کی بدولت مطلوبہ ہدف ایک گیند قبل حاصل کیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم بابراعظم 14 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد فخرزمان بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی 27 رنز ہی بناسکے۔ تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ اپنا 100واں میچ یادگار نہ بناسکے اور صرف 13 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

حیدر علی بھی 14 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور محمد نواز نے کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت نہ کی، وہ پہلی ہی گیند پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ دوسری اینڈ سے مسلسل وکٹیں گرنے کے باوجود محمد رضوان نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

132 پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ جانے کے بعد پاکستان کی میچ میں واپسی مشکل دکھائی دے رہی تھی تاہم محمد رضوان اور فہیم اشرف نے آخری 3 اوورز میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ فہیم اشرف آخری اوور میں 14 گیندوں پر 30 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان 50 گیندوں پر 74 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

اس سے قبل میچ کا ٹاس جنوبی افریقا کے کپتان کلاسن نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم کی جانب سے جانے من ملان اور ایڈن مارکرم نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم ملان 24 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد وہان لوبے بیٹنگ کے لیے آئے لیکن صرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

مارکرم نے کپتان ہینرک کلاسن کے ساتھ ملکر پاکستانی بولرز کی خوب درگت بنائی مارکرم نے 30 اور کلاسن نے 24 گیندوں پر نصف سنچریاں اسکور کیں، وہ بالترتیب 51 اور 50 رنز پر پویلین واپس لوٹے۔ وان بلجوئن نے بھی جارحانہ کھیل پیش کیا وہ 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ جارج لنڈے 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ اینڈلے فیفلکوایا اور سساندا مگالا 9،9 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی اور محمد نواز نے 2،2 جب کہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شرجیل خان کو شامل نہیں کیا گیا۔ ان جگہ ان فارم فخرزمان کو پلینگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ دوسری جانب تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ آج اپنا 100واں ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل کررہے ہیں اس موقع پر کرکٹ بورڈ نے ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں جنوبی افریقا کو شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی

واضح رہے کہ ٹور میں پاکستان نے ایک روزہ میچز میں جنوبی افریقا کو 28 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔