ترقیاتی منصوبوں کیلیے7 ستمبرتک 38 ارب روپے فراہم

انفرااسٹرکچرسیکٹر 19 ارب 60 کروڑ اورسوشل پراجیکٹس کیلیے17 ارب 40 کروڑ جاری

انفرااسٹرکچرسیکٹر 19 ارب 60 کروڑ اورسوشل پراجیکٹس کیلیے17 ارب 40 کروڑ جاری ۔ فوٹو : فائل

وفاقی حکومت نے رواں مالی سال 2012-13 کے پہلے 2 ماہ 7 روز کے دوران پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام(پی ایس ڈی پی)کے تحت ترقیاتی منصوبوں کیلیے مجموعی طور پر 38ارب 30 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے۔

اس ضمن میں منصوبہ بندی کمیشن کی طرف سے گزشتہ روز جاری کردہ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے رواں مالی سال 2012-13 کیلیے پی ایس ڈی پی کے تحت2924.8 ارب روپے مالیت کے 1074 ترقیاتی منصوبوں کیلیے 260 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ 100 ارب روپے غیر ملکی امداد سے حاصل ہونگے، اس طرح پی ایس ڈی پی کی مد میں مجموعی طور پر 360 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔


اعداوشمار کے مطابق منصوبہ بندی کمیشن نے مقامی وسائل سے مختص کردہ 260 ارب روپے میں سے 7 ستمبر 2012 تک مجموعی طور پر 38 ارب30کروڑ روپے جاری کیے، رواں مالی سال 2012-13کے پی ایس ڈی پی کے تحت انفرااسٹرکچر سیکٹر کے 2340.4 ارب روپے مالیت کے 342 ترقیاتی منصوبوں کیلیے مجموعی طور پر 200.9 ارب روپے مختص کیے گئے جن میں سے 19 ارب 60 کروڑ روپے جاری کیے گئے۔

جبکہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں سوشل سیکٹر کے 543.7ارب روپے مالیت کے 665ترقیاتی منصوبوں کیلیے 146.1ارب روپے مختص کیے گئے جن میں سے 17.4ارب روپے جاری کیے گئے، علاوہ ازیں وفاقی پی ایس ڈی پی کے تحت 68 متفرق ترقیاتی منصوبوں کیلیے مجموعی طور پر 40.6 ارب روپے مختص کیے گئے تاہم متفرق منصوبوں کیلیے ابھی تک صرف 50 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں جبکہ ایرا کیلیے مختص کردہ 10 ارب روپے میں سے اب تک مجموعی طور پر 80 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
Load Next Story