کورونا نے مزید 58 افراد کی جان لے لی فعال کیسز 75 ہزار سے تجاوز کرگئے

4 ہزار 201 کورونا مریضوں کی حالت تشویشناک جب کہ 512 وینٹی لیٹرز پر ہیں ، این سی او سی

ملک بھر میں 512 مریض وینٹیلیٹرز پر ہیں ،ایں سی او سی فوٹو: فائل

ملک میں کورونا وبا کی شدت برقرار ہے اور اس مرض کے فعال کیسز کی مجموعی تعداد 75 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 44 ہزار 514 ٹیسٹ کیے گئے، اس طرح اب تک ملک میں کوویڈ 19 کی تشخیص کے لیے کئے گئے ٹیسٹس کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 7 لاکھ 79 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4584 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ ملک بھر میں 3135 مریض کورونا سے صحتیاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا مثبت کیسز کی شرح 10.29 فیصد رہی ہے، ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 25 ہزار 602 ہو گئی ہے۔ جن میں سے 6 لاکھ 34 ہزار 835 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

اب تک سندھ میں 2 لاکھ 69 ہزار 126، پنجاب 2 لاکھ 50 ہزار 459، اسلام آباد میں 66 ہزار 380، خیبر پختونخوا میں 99 ہزار 595، سندھ 2 لاکھ 69 ہزار 126، بلوچستان 20 ہزار 321، آزاد کشمیر 14 ہزار 594 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 127 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے۔


این سی او سی کے مطابق ملک میں مزید 58 افراد اس وبا کا شکار ہوکر لقمہ اجل بن گئے ، اس طرح ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 15501 ہو گئی ہے۔ کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 6 ہزار 988 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، سندھ میں 4 ہزار 530، خیبر پختونخوا 2 ہزار 651، اسلام آباد 611، گلگت بلتستان 103، بلوچستان میں 215 اور آزاد کشمیر میں 403 افراد اس وبا کے ہاتھوں لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اب یہ تعداد ایک مرتبہ پھر 75 ہزار 266 ہوگئی ہے۔ جن میں سے 4 ہزار 201 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ اس وقت ملک بھر میں کورونا کے 512 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ اس وقت گوجرانوالہ میں 85 ، ملتان میں 81 ، لاہور 79 اور اسلام اباد میں 55 فی صد وینٹی لیٹرز پر کورونا مریض زیر علاج ہیں۔ اس کے علاوہ گوجرانوالہ کے 85 فی صد، پشاور کے 73، گجرات کے 71 اور سوات 66 فی صد آکسیجن بیڈز پر کورونا مریض ہیں۔

کورونا وائرس اوراحتیاطی تدابیر

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازے کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔
Load Next Story