25 سیاسی کارکنوں کے قتل میں ملوث 2 ٹارگٹ کلر گرفتار

ڈی آئی جی عبدالخالق کی پریس کانفرنس، ایس ایچ او محمود آباد اور اہلکاروں کیلیے نقد انعام کا اعلان


Staff Reporter January 12, 2014
ڈی آئی جی عبدالخالق کی پریس کانفرنس، ایس ایچ او محمود آباد اور اہلکاروں کیلیے نقد انعام کا اعلان۔ فوٹو: فائل

KARACHI: ساؤتھ زون پولیس نے 2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیا، ملزمان نے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے 25 سے زائد کارکنوں کو قتل کیا ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ عبدالخالق شیخ نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ساؤتھ زون پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 2 ٹارگٹ کلرز معروف شاہ عرف مہتاب عرف بابا ٹی ٹی اور طارق کمانڈو کو گرفتار کر کے نائن ایم ایم پستول اور دستی بم برآمد کرلیا، اس موقع پر ایس ایس پی ساؤتھ زون ناصر آفتاب اور ایس ایچ او محمود آباد انسپکٹر سرور کمانڈو بھی موجود تھے، عبدالخالق شیخ نے بتایا کہ گرفتار ملزم معروف شاہ عرف مہتاب ٹی ٹی کو محمود آباد پولیس نے مقابلے کے بعد گرفتار کر کے نائن ایم ایم پستول اور دستی بم برآمد کرلیا جبکہ اس کے دیگر 3 ساتھی ندیم عرف بابے، عادل پگلہ اور آفتاب کلو موقع سے فرار ہوگئے۔

انھوں نے بتایا کہ ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ اس نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمرا اورنگی ٹاؤن میں پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے 8 کارکنان شاہین بہاری سمیت 2 افراد کو امان اﷲ خان بہاری، نازش شہریار عرف شیری، گاما بنگلہ بازار، خیر آباد میں ایک قتل اکبر 70 المعروف سٹے والا جسے قتل کے بعد چہرے پر ملزم نے بلیڈ کے بھی کئی وار کیے تھے جو پولیس نے ملزم کی جیب سے برآمد کرلیا۔



ملزم نے بشر المعروف سٹے والا، متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن عبدالرزاق، سنی تحریک کے کارکن جمشید جبکہ کالعدم سپاہ صحابہ سے تعلق رکھنے والے 5 کارکنان کو 3 مختلف مقامات پر ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جس میں ایک وہ بھی شامل ہے جو کسی کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے اورنگی ٹاؤن آیا تھا، ملزم شہریار عرف شہری کے ہمراہ بیٹھے ہوئے کیبل آپریٹر ملو کو بھی فائرنگ کر کے ہلاک کیا تھا۔

عبدالخالق شیخ نے بتایا کہ ملزم نے بتایا کہ وہ علاقے میں کسی دوسرے گروپ کو برداشت نہیں کرتا تھا اور وہ علاقے میں اپنی دہشت بیٹھانا چاہتا تھا، ملزم نے متحدہ کے کارکن عبدالرزاق کو رقم کے تنازعے پر فائرنگ کر کے ہلاک کیا تھا، انھوں نے بتایا کہ صدر پولیس نے لائنز ایریا کے علاقے اے بی سینیا لائن فوجی ہوٹل کے قریب مقابلے کے بعد ٹارگٹ کلر طارق کمانڈو کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا، ڈی آئی جی عبدالخالق شیخ نے ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری پر ایس ایچ او محمود آباد اور صدر سمیت پولیس پارٹی کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں