سال 2020 میں 25 ملین سے زائد افراد کو فائدہ پہنچایا پاکستان ہیومینیٹرین فورم

پی ایچ ایف نے مختلف دیہی علاقوں میں قدرتی آفات، صحت، غذا، تعلیم اور دیگر مختلف ترجیحات پر کام کیا

پی ایچ ایف کے اجلاس میں سالانہ رپورٹ پیش کی گئی۔ (فوٹو: فائل)

پاکستان ہیومینیٹرین فورم نے انسانی امداد اور ترقیاتی پروگراموں کے بارے میں اپنے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق سالانہ رپورٹ شائع کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سال 2020 میں 25 بلین روپوں کے ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے ملک بھر کے مختلف اضلاع کے 25 ملین سے زائد افراد کو فائدہ پہنچایا گیا۔

پی ایچ ایف کی سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان ہیومینیٹرین فورم نے 38 بین الاقوامی این جی اوز کے ذریعے ان منصوبوں کو نافذ کیا اور گورنمنٹ آف پاکستان کی خدمات بھی حاصل کی گئیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو، جو 2020 میں 10 سے زیادہ اقسام کی قدرتی آفات بالخصوص کورونا وائرس کا شکار ہوئے، فائدہ پہنچایا جاسکے۔


اس سیمینار کا انعقاد اسلام آباد میں کیا گیا تھا، جس میں حکومت پاکستان اور بین الاقوامی این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔
سیمینار کے شرکا میں سید شاہد کاظمی، کنٹری کو آرڈی نیٹر پاکستان ہیومینیٹرین فورم، فرحان احمد خان، کنٹری ڈائریکٹر سیسوی پاکستان، برنارڈ جیسپرزفیجر، یورپین یونین، جولین ہارنیس یو این ریزیڈنٹ کوآرڈی نیٹر، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عمر محمود حیات، عابد سلہری، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ڈی پی آئی، ادریس محسود ممبر ڈی آر آر، این ڈی ایم اے اور دیگر اداروں کے نمائندون نے شرکت کی۔

پی ایچ ایف نے مختلف دیہی علاقوں میں مختلف ترجیحات پر کام کیا جن میں قدرتی آفات سے نمٹنا، انسانی ضروریات کو پورا کرنا، صحت، غذا، تعلیم، خواتین کی ترقی، غربت میں کمی، معاشی استحکام، ماحولیاتی تبدیلی، کمیونٹی کی شمولیت، قدرتی وسائل کا انتظام اور کورونا وائرس سے بچاؤ وغیرہ شامل ہیں۔
Load Next Story