پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا کو آؤٹ کلاس کردیا

کپتان بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے 122 رنز کی اننگز کھیلی


ویب ڈیسک April 14, 2021
بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے 122 رنز کی اننگز کھیلی - فوٹو؛ پی سی بی

پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا کو 9 وکٹ سے شکست دیکر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔

جنوبی افریقی شہر سنچورین میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 203 رنز اسکور کیے تو پاکستان نے بھی کپتان بابراعظم کی شاندار سنچری کی بدولت مطلوبہ ہدف 18 اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔



پاکستان کی جانب سے بڑے ہدف کے تعاقب میں کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان پاور پلے میں 64 رنز فراہم کیے۔ اس دوران محمد رضوان نے اور بابراعظم نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔



کپتان بابراعظم 59 گیندوں پر 122 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 15 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے جب کہ محمد رضوان 47 گیندوں پر 73 رنز بناکر ناقبل شکست رہے ، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

میچ کے خاص بات کپتان بابراعظم کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی پہلی سنچری تھی جو انہوں نے صرف 49 گیندوں پر اسکور کی جس میں 11 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔



بابراعظم، محمد رضوان اور احمد شہزاد کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں سنچری اسکور کرنے والے تیسرے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں ۔ بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی جانب سے تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا جب کہ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ اسکور بنانے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔



اس سے قبل پاکستان کے کپتان بابراعظم نے پہلے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ایڈن مارکرم اور جانے من ملان نے پاور پلے کے 6 اوورز میں 65 رنز بنائے اور ٹیم کو 108 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔ اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ ملان 55 اور مارکرم 63 رنز بناکر محمد نواز کا شکار بنے۔

جارج لنڈے نے 11 گیندوں پر 22 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ وان ڈار ڈاسن 20 گیندوں پر 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کپتان ہینرک کلاسن 15 رنز ہی بناسکے۔ قومی ٹیم کی جانب سے محمد نواز نے 2، فہیم اشرف، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم کی جانب سے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ شرجیل خان، محمد حسنین اور عثمان قادر کی جگہ فخرزمان، حارث رؤف اور آصف علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

امن لازم ہے

Dec 22, 2024 03:40 AM |

انقلابی تبدیلی

Dec 22, 2024 03:15 AM |