ای سی سی کپاس ودھاگے کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی ختم

 کووڈ بجٹ سے 11.7ارب روپے پنجاب میں اسپتالوں کی تعمیر کیلیے منتقل کرنیکی منظوری


Irshad Ansari/Shahbaz Rana April 15, 2021
LNG پاور پلانٹس کو گیس فراہمی کی منظوری بھی دی گئی ،حماد اظہرکی زیرصدارت اجلاس (فوٹو فائل)

RAWALPINDI: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے کپاس اور دھاگے کی درآمد پر عائد کسٹمز ڈیوٹی ختم کرنے، تین ایل این جی پاور پلانٹس کے معاہدوں کی 66 فیصد پیداوار کے ٹیک یا پے کمٹمنٹ چارچز ختم کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیرخزانہ حماد اظہرکی زیرصدارت ہوا،جس میں تین نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی گئی، پنجاب میں 4 اسپتالوں کی تعمیرکیلیے تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی۔ پنجاب کے 4اضلاع اٹک، لیہ، راجن پور اور سیالکوٹ میں 23 ارب لاگت سے مدر اینڈ چائلڈ اسپتال تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

200بستروں پر مشتمل اسپتالوں کی تعمیر کیلیے 50 فیصد فنڈز وفاقی اور50 فیصد پنجاب حکومت فراہم کرے گی۔ وفاق کی طرف سے نصف فنڈ کی فراہمی کے لیے11.7 ارب روپے پنجاب میں اسپتالوں کی تعمیر کے لیے کووڈ بجٹ میں سے فراہم کیے جائیں گے جس کی ای سی سی نے منظوری دیدی ہے۔

3 سرکاری پاورپلانٹس کیلیے 66فیصد آرایل این جی لازمی خریدنے کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ایل این جی پاور پلانٹس کو مسلسل گیس فراہمی کی منظوری بھی دی گئی، کیپکو کے فیسلیٹیشن اور گارنٹی معاہدے میں ترمیم کی بھی منظوری دی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔