آج کی شہرت کچھ نہیں اصل شہرت تو پرانے فنکاروں کو حاصل تھی اقرا عزیز

’’خدا اور محبت‘‘ میں کام کرکے ایسا لگا میرا خوب پورا ہوگیا ہو، اقرا عزیز

جب لگا بڑی اسکرین پر کام کرنا چاہئے تو ضرور کام کروں گی، اقرا عزیز فوٹو بی بی سی اردو

اداکارہ اقرا عزیز کا کہنا ہے کہ ان کے نزدیک آج کل کی سوشل میڈیا کی شہرت کچھ نہیں اصل شہرت تو پرانے فنکاروں کے پاس تھی۔

''خدا اور محبت'' جیسے پاکستان کے کامیاب ڈرامےمیں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ اقرا عزیز ماضی میں ''رانجھا رانجھا کردی''، ''سنو چندا'' اور ''جھوٹی''جیسے سپر ہٹ ڈراموں میں کام کرچکی ہیں۔ انہیں بچپن سے اداکاری کا شوق تھا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں اقرا عزیز نے بتایا کہ میں بچپن سے ہی امی کے ڈوپٹے لے کر اور ساڑھیاں باندھ کر انڈین گانوں پر شیشے کے سامنے اداکاری کرتی تھی، تیار ہوتی تھی اور میک اپ کرتی تھی۔ دسویں جماعت میں ایک اشتہار کے ذریعے شوبز کی فیلڈ میں قدم رکھا اور اسی وقت فیصلہ کرلیا کہ اسی فیلڈ میں کیر یئر بنانا ہے۔



انٹرویو کے دوران اقرا عزیز نے بتایا ان کا تعلق ایک مڈل کلاس فیملی سے ہے اور وہ کراچی کے علاقے برنس روڈ میں ایک چھوٹے سے فلیٹ میں رہتے تھے۔ انہوں نے اپنی والدہ کو ہر حال میں شکرگزار دیکھا۔

کیریئر کے آغاز میں ہی اقرا عزیز نے یاسر حسین کے ساتھ شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔ اپنی اور یاسر کی ملاقات کے بارے میں بتاتے ہوئے اقرا نے کہا کہ ان دونوں کی پہلی ملاقات ٹورنٹو میں ہم ایوارڈز کے دوران ہوئی تھی۔ یاسر کو ان سے پہلی نظرمیں پیارہوگیا تھا لیکن انہیں تھوڑا وقت لگا۔




آج کسی بھی اداکار کی مقبولیت کا اندازہ اس کی اداکاری کو دیکھ کر نہیں بلکہ اس کے سوشل میڈیا پر موجود فالوورز کی تعداد کو دیکھ کر لگایا جاتا ہے۔ اقرا عزیز کا اس بارے میں کہنا ہے کہ وہ اپنی شہرت سے خوش ہیں لیکن وہ اس شہرت کو شہرت نہیں سمجھتیں۔ ان کا کہنا ہے، یہ سوشل میڈیا کا دور ہے، لوگ میرے کام کو پسند کرتے ہیں، مجھے پہچانتے ہیں یہ بہت بڑی بات ہے لیکن اصل شہرت ہمارے پرانے آرٹسٹس کے پاس تھی۔

''وہ سوشل میڈیا پر ہر طرف نظر نہیں آتے تھے، لوگوں کو علم نہیں ہوتا تھا کہ ان کی زندگی میں کیا ہو رہا ہے؟ آج وہ کیسے لگ رہے ہیں، کیا کر رہے ہیں ان کا گھر کیسا ہے، ان کے شوق کیا ہیں؟ نہ اتنے انٹرویو ہوتے تھے نہ سوشل میڈیا کا دور ہوتا تھا لیکن پھر بھی لوگ آپ کو اتنا پیار کرتے تھے، آپ کو خط لکھتے تھے۔ لیکن اب اپنے پسندیدہ اداکار کے بارے میں جاننے کے بارے میں لوگوں میں وہ تجسس نہیں رہا۔''



ڈراما سیریل ''خدا اور محبت'' میں کام کرنے کے تجربے کے بارے میں بتاتے ہوئے اقرا عزیز نے کہا اس ڈرامے میں کام کرکے انہیں ایسا لگ رہا ہے جیسے ان کا کوئی خواب پورا ہوگیا۔ ڈراما سیریل ''خدا اور محبت'' کے بارے میں لوگوں کی رائے یہ ہے کہ یہ ڈراما حقیقت سے قریب تر نہیں۔ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے اقرا عزیز نے بھارتی فلم ''دیوداس''کی مثال دی اور کہا کیا وہ فلم حقیقت سے قریب تر تھی؟ ''دیوداس میں جس زمانے کو دکھایا جا رہا تھا کیا اس میں لڑکی کا ایسا لائنر اور آنکھیں(میک اپ) ممکن تھا۔''



اقرا عزیز مستقبل میں فلموں میں کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں یا نہیں اس بارے میں ان کا کہنا تھا جب بھی انہیں محسوس ہوا یہ ایک اچھی فلم ہے اور انہیں بڑی اسکرین پر کام کرنا چاہئے تو وہ ضرور فلم میں کام کریں گی۔
Load Next Story