چوہدری اسلم شہادت کیس ماتحت افسران اور اہلکار بھی تفتیش کے دائرے میں آگئے

جائے وقوعہ پر ایک سوزوکی پک اپ ٹائروں کے بغیر کھڑی تھی جیسے ہی ایک لینڈ کروزر آئی پک اپ میں دھماکا ہوگیا، زخمی کا بیان


ویب ڈیسک January 12, 2014
دھماکے کی جگہ سے ملنے والے گاڑی کے پارٹس سوزوکی پک اپ کے ہیں، ایس ایس پی نیاز کھوسو۔ فوٹو: ایکسپریس/ فائل

WASHINGTON: ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پر حملے کے تحقیقاتی ٹیموں نے ان کے ماتحت افسران اور اہلکاروں کو بھی شامل تفتیش کرلیا ہے دوسری جانب زیر حراست ٹیکسی ڈرائیور کا بیان قلمبند کرتے ہوئے جائے وقوعہ سے ملنے والے انسانی اعضا ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے اسلام آباد بھجوا دیئے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہید ایس پی چوہدری اسلم خان پر حملے کی تحقیقاتی ٹیموں نے ان کے دفتر اور گھر میں کام کرنے والے ملازمین اور پولیس اہلکاروں کے موبائل فونز کا ڈیٹا حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے بیانات بھی قلمبند کرنا شروع کردیئے ہیں جبکہ ان کی حرکت و سکنات پر کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے۔

ایس ایس پی نیاز احمد کھوسو نے ایکسپریس نیوز کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی ہر زاویے سے تفتیش کی جارہی ہے کہ مبینہ خودکش حملہ آور نعیم اللھ کو اس کارروائی کے لئے کراچی میں موجود کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کس گروہ نے تیار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انٹر چینج پر موجود عملے کو ہدایات تھیں کہ چوہدری اسلم کے قافلے کو کسی بھی صورت یہاں نہ رکنے دیا جائے ان کی آمد سے قبل ہی رکاوٹ کو ہٹا دیا جائے، دہشتگردوں کو چوہدری اسلم کے راستے اور حکمت عملی کا پہلے سے ہی علم تھا اور انھوں نے دھماکے سے قبل مکمل طور پر منصوبہ بندی کی تھی کہ لیاری ایکسپریس وے سے قبل آنے والے موڑ پر ان کی گاڑی کی رفتار کم ہوگی اور اسی وجہ سے دہشتگردوں نے حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی ایسی جگھ کھڑی کی جس سے چوہدری اسلم خان نہ بچ سکیں۔

نیازاحمد کھوسو کا کہنا تھا کھ دھماکے کی جگہ سے ملنے والے گاڑی کے پارٹس سوزوکی پک اپ کے ہیں، جائے وقوعہ سے ملنے والے انسانی اعضا اور مبینہ حملہ آور کے والد اور بھائی کے خون کے نمونے لے کر ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے اسلام آباد بھجوا دیئے گئے ہیں جس کے بعد تحقیقات کی سمت کا اندازہ ہوگا۔

دوسری جانب دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے ٹیکسی ڈرائیور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دھماکے کے وقت وہ سپر ہائی وے سے سواری کو ماڑی پور جا رہا تھا، دھماکے سے کچھ ہی دیر قبل اس نے دیکھا کہ ایک سوزوکی پک اپ ٹائروں کے بغیر جیک پر کھڑی ہے اور جیسے ہی ایک لینڈ کروزر وہاں پہنچی پک اپ میں دھماکا ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈروائیر کے بیان سے کئی سوالات جنم لیتے ہیں تاہم جلد ہی تحقیقات سے دہشتگردوں کی حکمت عملی کا پتہ چل جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں