پہلی بار رمضان میں کھجور سستی 50 اقسام کی کھجوریں دستیاب

ایران،عراق اورسعودی عرب سے درآمدکھجورکی قیمت گزشتہ سال کے مقابلے میں50فیصدکم ہوگئی۔


Business Reporter April 18, 2021
قدیمی کھجوربازارمیں کاروباری سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں۔ فوٹو: ایکسپریس

رمضان المبارک کے آغآز کے ساتھ ہی پاکستان کی سب سے بڑی اور سب سے قدیم کھجور مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں جب ک پہلی بار رمضان المبارک میں کھجور سستی ہوگئی ہیں۔

لی مارکیٹ کی کھجور مارکیٹ میں خلیجی ممالک، سعودی عرب ، عراق ، ایران اور پاکستانی کھجوروں کی 50 سے زائد اقسام فروخت کے لیے دستیاب ہیں، ایران، عراق، سعودی عرب سے بڑے پیمانے پر کھجور کی درآمد کے باعث مقامی مارکیٹ میں کھجور کی قیمتوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 50 فیصد تک کمی کا رجحان ہے۔

لی مارکیٹ کی کھجور مارکیٹ قیام پاکستان سے بھی کئی دہائیوں سے قائم ہے جہاں لگ بھگ 100سے زائد ہول سیل اور ریٹیل دکانوں پر قسم قسم کی کھجوریں فروخت کی جارہی ہیں۔

تاجروں کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں کھجور کی فراہمی (سپلائی) اور ذخیرہ (اسٹاک) بہتر ہے اور قیمتیں بھی گزشتہ سال سے نصف فیصد تک کم ہیں،کھجور مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد صابر کے مطابق گزشتہ سال لاک ڈاؤن میں سرحدیں بند ہونے کی وجہ سے کھجور پاکستان نہیں آسکی تھی تاہم اس سال گودام کے گودام بھرے ہوئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ گزشتہ سال سرحد بند ہونے کی وجہ سے کھجور درآمد نہ ہوسکی جس کی وجہ سے قیمت بہت زیادہ تھی ایران کی مضافاتی کھجور گزشتہ سال 18 ہزار سے 19ہزار روپے من تک فروخت ہوئی جو رواں سال 7 سے ساڑھے 7 ہزار روپے من فروخت ہورہی ہے اسی طرح بصرہ کھجور 10سے 11ہزار روپے من فروخت ہوئی تھی جو اب 6200 سے 6400 روپے من فروخت ہورہی ہے ایرانی زاہدی کھجور گزشتہ سال 12سے 13ہزار روپے من فروخت ہوئی اس سال 7500روپے من فروخت ہورہی ہے، انھوں نے بتایا کہ اس سال مال بھی بہت ہے جس کی وجہ سے رمضان میں عوام کو سستی کھجور ملے گی۔

مقامی کھجور کے بارے میں محمد صابر نے کہا کہ سکھر کی کھجور کی فصل بھرپور تھی لیکن بارشوں کی وجہ سے اس میں نمی آگئی اور ذائقے میں فرق پڑا ہے عراق کی کھجور آرہی ہے لگ رہا ہے کہ پیلی زاہدی شارٹ ہوگی عراق میں اطلاع ہے کہ مال ختم ہوگیا ہے وقت بھی نہیں ہے کہ مزید درآمد کرسکیں اس لیے تاجر اس سے پیچھے ہٹ گئے جو اسٹاک ہے اسی کو فروخت کررہے ہیں، مارکیٹ میں پریمیم کوالٹی کی کھجور میں مضافاتی ہے جو پیکٹ میں ہوتی ہے اور 7 ہزار سے 8 ہزار روپے من فروخت ہورہی ہے جبکہ عجوہ اور عنبر بھی دستیاب ہے جس کی قیمت 1200سے 1400روپے کلو پر آچکی ہے۔

سمندر خان اینڈ دریا خان کھجور سینٹر کے تاجر خیرو کا کہنا تھا کہ اس سا ل مال بہت ہے اس بار کھجور بہت زیادہ ہے ریٹ بھی ٹھیک ہے، پاکستان میں اسٹوروں میں جگہ نہیں ہے اتنا مال ہے اگر منافع خوری نہ ہوئی تو عوام کو اچھے ریٹ پر بہترین کھجور ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی کھجور بھی مناسب قیمت پر دستیاب ہے پاکستانی کھجور تھوک سطح پر 120روپے کلو تک فروخت ہورہی ہے جبکہ ایران کی بہترین کھجور بھی 200 روپے کلو تک فروخت کی جارہی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں