نو عمر لڑکے اور لڑکیاں بھی ذیابیطس میں مبتلا ہونے لگے ماہرین

بڑھتا ہوا موٹاپا، موبائل اورکمپیوٹرز کا زیادہ استعمال، غیر معیاری خوراک کھیلوںاور ورزش سے دوری ذیابیطس کی بڑی وجہ ہے


Staff Reporter April 18, 2021
پریس کلب میں ڈائبیٹیز اسکریننگ کیمپ کا انعقاد، ذیابیطس، یورک ایسڈ اور دیگر ٹیسٹ کیے گئے، ڈاکٹروں نے مشورے بھی دیے۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں نوعمر لڑکے اور لڑکیاں بھی ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہورہے ہیں۔

ماہرین امراض ذیابیطس نے کراچی پریس کلب میں منعقدہ ڈائبیٹیز اسکریننگ کیمپ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان میں 13 سے 15 سال کے نوعمر لڑکے اور لڑکیاں بھی ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہورہے ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ بچوں میں بڑھتا ہوا موٹاپا،موبائل اورکمپیوٹرزکا زیادہ استعمال، غیر معیاری خوراک کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور ورزش سے دوری ہے۔

ڈائبیٹیز اسکریننگ کیمپ کا انعقاد عہد میڈیکل سینٹر اور ڈسکورنگ ڈائبیٹیز پروجیکٹ کے تحت کیا گیا تھا ،کیمپ میں ذیابیطس ، بلڈ پریشر، یورک ایسڈ، باڈی ماس انڈیکس، بون ماس ڈینسٹی، ایچ بی اے ون سی سمیت دیگر ٹیسٹ کیے گئے جبکہ ممبران اور ان کے اہل خانہ کو ڈاکٹروں نے مشورے بھی دیے۔

ماہر امراض ذیابیطس ڈاکٹر ندیم نعیم کا کہنا تھا پاکستان میں پہلے لوگ 40 سال کے بعد ذیابیطس کے مرض میں مبتلاہوتے تھے، جس کے بعد 30سال کی عمر کے لوگ بھی اس مرض میں مبتلا ہونا شروع ہوئے لیکن اب تو 20سال سے کم عمر کے لڑکے اور لڑکیاں ذیابیطس کا شکار ہو رہے ہیں، روزے رکھنا نہ صرف صحت مند بلکہ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے لیکن ذیابیطس کے مریضوں کو رمضان کا مہینہ شروع ہونے سے چند ہفتے پہلے اپنے معالج سے مشورہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ روزے کی حالت میں اگر کسی شخص کی شوگر 70 سے کم یا 300سے زائد ہو جائے تو اسے روزہ توڑ لینا چاہیے اور اس کا کفارہ بھی نہیں ادا کرنا پڑے گا بلکہ صرف ایک روزہ رکھنا پڑے گا، کیونکہ اللہ تعالی فرماتا ہے کہ وہ انسانی جان کو ہلاکت میں ڈالنا پسند نہیں کرتا، روزے کی حالت میں شوگر چیک کرنا اور انسولین لگوانا جائز ہے اور اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔

ذیابیطس کے غیرتشخیص مریضوں کی تعدادایک کروڑہوگئی

عہد میڈیکل سینٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر بابر سعید خان نے کہا کہ پاکستان میں ذیابیطس کے غیر تشخیص شدہ مریضوں کی تعداد ایک کروڑ کے قریب ہے اس لیے عہد میڈیکل سینٹر نے چند کمپنیوں کے ساتھ مل کر ڈسکورنگ ڈائبیٹیز پروجیکٹ شروع کیا ہے جس کا مقصد ذیابیطس میں مبتلا افراد اور وہ لوگ جنھیں اس مرض میں مبتلا ہونے کا اندیشہ ہے ان کو رہنمائی اور اسکرینگ کی سہولیات فراہم کرنا ہے، ایسے لوگ جن کی عمر 40 سال سے زائد ہے، اور ان کے خاندان میں کسی شخص کو پہلے سے ذیابیطس کا مرض لاحق ہے جبکہ ان کی کمر کا سائز 36 انچ سے زیادہ ہے۔

ایسے افراد کو چاہیے کہ وہ ڈسکورنگ ڈائبٹیز ہیلپ لائن 800667660 پر کال کرکے ماہرین سے مشورہ کریں اور فری اسکریننگ کی سہولت حاصل کریں، عہد میڈیکل سینٹر کی 5 شاخیں ہیں جہاں پر مریضوں کو ایک چھت کے نیچے علاج کی تمام سہولیات میسر ہیں اس کے علاوہ ان کا ادارہ ٹیلی ہیلتھ اور گھروں پر جاکر مریضوں علاج اور دیکھ بھال کی سہولیات بھی فراہم کر رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں