وساکھی میلہ منانے آئے بھارتی سکھ یاتری کرتار پورمیں رات گزاریں گے

بھارت سے آنیوالے سکھ یاتریوں کو گوردوارہ دربارصاحب کرتارپور میں رات گزارنے کی اجازت نہیں


آصف محمود April 18, 2021
بھارت سے آنیوالے سکھ یاتری گوردوارہ دربارصاحب کرتارپور کا دورہ کرتے ہیں فوٹو: فائل

بھارت سے وساکھی میلہ منانے آئے ہوئے سکھ یاتری پیر 19 اپریل کو گورودوارہ دربار صاحب کرتار پور کا دورہ کریں گے اور راہداری کھلنے کے بعد پہلی بار بھارتی سکھ یاتری کرتار پور صاحب میں ایک رات قیام کریں گے۔

مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے بھارت سے آنیوالے سکھ یاتری گوردوارہ دربارصاحب کرتارپور کا دورہ تو کرتے ہیں تاہم انہیں آج تک یہاں رات گزارنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ بھارت سمیت مختلف ممالک سے آنیوالے سکھ یاتری کرتارپورصاحب میں مذہبی رسومات اداکرنے کے بعد شام کو واپس لاہورآجاتے ہیں تاہم اس بار وساکھی میلہ منانے پاکستان آئے ہوئے 800 سے زائد بھارتی مہمانوں کو گوردوارہ دربارصاحب کرتارپور میں ایک رات کے قیام کی اجازت دی گئی ہے۔ بھارتی یاتری پیرکی صبح گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور سے کرتار پور جائیں گے اورایک رات وہاں قیام کے بعد اگلے دن واپس لوٹیں گے۔

متروکہ وقف املاک بورڈ اورپاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے بھارتی یاتریوں کے رات قیام کے حوالے سے بہترین انتظامات کئے ہیں۔ مہمانوں کے لیے وی آئی پی کمرے تیار کروائے گئے ہیں۔ یہاں انکے کھانے پینے کا بھی بہترین انتظام کیا گیا ہے۔ اس سے قبل نومبر2019 میں جب راہداری کی افتتاحی تقریب منعقد ہونا تھی اس وقت تقریب میں شرکت کے لئے آئے چند بھارتی مہمانوں کو یہاں رات قیام کی اجازت دی گئی تھی۔

پاکستان اوربھارت کے مابین ہوئے معاہدے کے تحت کرتارپور راہداری کے راستے بھارت سے پاکستان آنیوالے یاتریوں کو گوردوارہ دربارصاحب کرتارپور میں دن بھرقیام کے بعد شام سے پہلے واپس جانا ضروری ہے۔

دوسری طرف پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے سیکرٹری سردارامیرسنگھ نے بھارتی پراپیگنڈے کی مذمت کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں مذہبی جماعت کے احتجاج کی وجہ سے بھارتی سکھ یاتریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ سردارامیرسنگھ نے کہا جس دن سکھ یاتری بارڈکراس کرکے واہگہ بارڈرپہنچے تھے اس دن یہاں احتجاج شروع ہوگیا تھا۔ اس دن مہمانوں کو پنجہ صاحب بھیجنے کی بجائے گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہورمیں رات قیام کرناپڑاتھا اس کے بعد ان کی تمام مصروفیات شیڈول کے مطابق چل رہی ہے اوربھارتی یاتری خوش ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔