پاکستان ٹیم کو پریکٹس کا پروانہ مل گیا، کورونا وائرس ٹیسٹ کلیئر

اسپورٹس ڈیسک  پير 19 اپريل 2021
ٹی 20 جنگ کیلیے میزبان دستے کا بھی انتخاب کرلیا گیا، ٹیم کی قیادت سین ولیمز کے ہاتھوں میں ہوگی، زمبابوین کھلاڑی بھی مقابلوں کی تیاری میں مصروف

ٹی 20 جنگ کیلیے میزبان دستے کا بھی انتخاب کرلیا گیا، ٹیم کی قیادت سین ولیمز کے ہاتھوں میں ہوگی، زمبابوین کھلاڑی بھی مقابلوں کی تیاری میں مصروف

 کراچی:  پاکستان ٹیم کے زمبابوے میں کوویڈ ٹیسٹ کلیئر آگئے ہیں جس کی وجہ سے انھیں پریکٹس کا پروانہ مل گیا ہے، پیر سے ہرارے میں ٹریننگ کا آغاز ہوگا، بلند حوصلہ گرین شرٹس نئے دیس میں بھی فتح کا سلسلہ برقرار رکھنے کیلیے پراعتماد ہیں، نئے کھلاڑیوں کو موقع دیے جانے کا امکان ہے، دوسری جانب زمبابوے نے بھی ٹی 20 جنگ کیلیے اپنا لشکر ترتیب دے دیا، ٹیم کی قیادت سین ولیمز کے ہاتھوں میں ہوگی، مقابلے کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز بھی کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ میں ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 سیریز میں کامیابی کے بعد اپنے اگلے پڑاؤ زمبابوے میں ڈیرے ڈال چکی ہے جہاں پر تمام اسکواڈ ممبران کا کوویڈ ٹیسٹ کلیئر آیا ہے، مہمان دستے کے ہرارے پہنچنے کے بعد کورونا وائرس ٹیسٹ لیے گئے تھے جن کا نتیجہ مثبت رہا ہے، گذشتہ روز ٹیم نے مکمل آرام کیا اب پیر سے ہرارے اسپورٹس کلب میں ٹریننگ کا باقاعدہ آغاز ہوگا، پروٹیز دیس میں ملنے والی فتح سے پلیئرز کے ساتھ کوچنگ اسٹاف کا حوصلہ بھی بلند ہوا ہے۔

وہ گذشتہ سیریز میں ناکام رہنے والے پلیئرز پر مزید محنت کرتے ہوئے ان کا اعتماد بحال کرنے کیلیے کوشاں ہوں گے، کپتان بابر اعظم پہلے ہی واضح کرچکے کہ بھارت میں رواں برس شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ کے تناظر میں مختلف کمبی نیشنز کی آزمائش کا سلسلہ جاری رہے گا، اسی لیے نئے کھلاڑیوں کو موقع دیے جانے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 4 ٹی 20 میچز کی سیریز میں 1-3 سے شکست دی، آخری میچ میں بابر اعظم نے برق رفتار سنچری سے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا، زمبابوے سے سیریز میں بھی ان سے بلند توقعات وابستہ ہوں گی۔

دوسری جانب زمبابوے نے بھی اپنے ٹی 20 اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، ٹیم کی قیادت سین ولیمز کے ہاتھوں میں ہوگی دیگر اسکواڈ میں ٹاڈیواناشے مارومانی، ریان برل، ویلنگٹن مساکیڈزا ، ریجس ،ٹاپلووا، تاناکا چیوانگا، بلیسنگ موزربانی، کریگ ایروائن، رچرڈ ناگراوا، لیوک جونگوے، برینڈن ٹیلر، تناشے کامونہوکاموے، ڈونلڈ ٹریپانو اور ویسلے مدھیویر شامل ہیں۔ زمبابوے اور پاکستان کے درمیان 3 ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز 21 اپریل بروز بدھ سے شروع ہوگی، دوسرا میچ 23 اور دوسرا 25 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ ٹی 20 سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک دوسرے مقابل ہوں گی، جس کا آغاز 29 اپریل سے ہوگا، دوسرا ٹیسٹ 7 مئی سے شیڈول ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔