12 ربیع الاول کے جلوس میں خواتین اور بچوں کا داخلہ ممنوع

5 ہزار پولیس اہلکار حفاظت کرینگے،خصوصی اسٹیکر کی حامل گاڑیوں کو ہی جلوس میں شرکت کی اجازت ہوگی

کراچی کے تینوں زونز سے برآمد ہونیوالے جلوسوں کی تعداد290 سے زائد ہوگی۔فوٹو:فائل

عید میلاد النبیؐ کے موقع پر 12 ربیع الاول کو مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کیلیے 5 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے،جلوس میں خواتین اور بچوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

مجموعی طور پر290 چھوٹے بڑے جلوس نکالے جائیں گے جن کی حفاظت کے لیے ڈیڑھ ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ہمہ وقت مستعد ہوں گے، آئی جی سندھ کو سیکیورٹی پلان کے حوالے سے دی گئی بریفنگ میں یہ بات بتائی گئی،آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے ہدایات جاری کی کہ 12 ربیع الاول کی سیکیورٹی کے انتظامات میں تمام یونٹس مربوط اقدامات کریں اور منعقدہ اجتماعات اور نعتیہ محافل سمیت مرکزی جلوس کے شرکا اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ، بریفنگ میں بتایا گیا کہ 12 ربیع الاول کو کراچی کے تینوں زونز سے برآمد ہونے والے چھوٹے بڑے جلوسوں کی تعداد 290 سے زائد ہوگی ، اسی طرح محافل میلاد اور واعظ کی تعداد کم و بیش 390 ہوگی جبکہ تمام جلوسوں ، محافل ، میلاد اور وعد کی سیکیورٹی کے لیے ویسٹ زون میں 5 ہزار 935 ، ایسٹ زون میں 8 ہزار 875 اور سائوتھ زون میں ایک ہزار 625 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔




رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سیکیورٹی اقدامات کے تحت مذکورہ مجموعی تعیناتیوں کے علاوہ 12 ربیع الاول کے مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 5 ہزار پولیس اہلکاروں کو ذمے داریاں تفویض کی گئی ہیں ، بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے جائیں گے جبکہ جلوس کے روٹ کی سوئپنگ بھی کی جائے گی،جلوس میں شرکت کی اجازت صرف خصوصی اسٹیکر کی حامل گاڑیوں کو ہی دی جائے گی اور دیگر گاڑیوں کے لیے پارکنگ ایریاز بھی مخصوص کردیے گئے ہیں ، مزید برآں جلوس میں خواتین اور چھوٹے بچوں کا داخلہ ممنوع ہوگا، آئی جی سندھ کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ مرکزی جلوس کے روٹس ، مرکزی اجتماع گاہ اور دیگر تقریبات کے اطراف میں قائم مکانوں ، دکانوں اور دیگر عمارتوں کا سروے نہ صرف مکمل کرایا گیاہے بلکہ مکانوں ، دکانوں اور پراپرٹی ایجنٹس کو اعتماد میں لیتے ہوئے متعلقہ تھانوں نے کرائے داروں کے کوائف کی تصدیق کے عمل کے اقدامات بھی کرلیے گئے ہیں ، جبکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے نگرانی بھی کی جائیگی۔
Load Next Story