بابراعظم کی نگاہیں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیزترین 2000 رنزپرمرکوز

اسپورٹس رپورٹر  منگل 20 اپريل 2021

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

 لاہور: بابراعظم کی نگاہیں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیزترین 2000 رنزپرمرکوزہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کوٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے 2000 رنز مکمل کرنے کے لیے مزید 60 رنزدرکارہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اگرزمبابوے کے خلاف سیریز میں یہ کارنامہ سرانجام دے دیتے ہیں تو وہ تیزترین 2000 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹسمین بن جائیں گے۔

بابراعظم اب تک 49 ٹی ٹونٹی میچز میں 48.50 کی اوسط سے 1940 رنزبناچکے ہیں۔ محدود ترین فارمیٹ میں تیز ترین 2000 رنز کا ہندسہ بھارت کے ویرات کوہلی نے 56 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں عبور کیا تھا۔

یہی نہیں بابراعظم دنیا کے 11ویں بیٹسمین ہوں گے جو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 2000 رنز بنائیں گے۔ پاکستان اور زمبابوے کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سریز کا آغاز 21 اپریل سے ہوگا۔ سیریز کے تمام میچز ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اس وقت بہترین بیٹنگ فارم میں ہیں۔ انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے چار میچوں میں 52.50 کی اوسط سے مجموعی طور پر 210 رنز بنائے۔ جنوبی افریقا کے خلاف مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنے والے بابراعظم نے سیریز کے تیسرے میچ میں سنچری بھی اسکورکی تھی۔

بابراعظم کی عمدہ بیٹنگ فارم کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف سیریزمیں 1-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔
فی الحال عالمی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستان کی ٹیم چوتھے نمبرپرموجود ہے جبکہ اس کے پوائنٹس کی تعداد 262 ہے۔ اگر پاکستان زمبابوے کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے تینوں میچزجیت جاتا ہے تواسے ایک پوائنٹ ملے گا تاہم سیریز کا ایک میچ ہارنے کی صورت میں پاکستان کو دو پوائنٹس گنوانے پڑیں گے۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان اب تک کھیلے گئے تمام 14 ٹی ٹونٹی میچوں میں جیت پاکستان کے نام رہی۔ پاکستان نے آخری مرتبہ 2018 میں زمبابوے کا دورہ کیا تھا، جہاں کھیلے گئے سہ فریقی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔