محکمہ صحت کے انتظامی نظام کی تبدیلی کا فیصلہ

گریڈ20 کی45 اسامیوں پر ڈی ایم جی گروپس کے افسران تعینات کیے جائیں گے، وزیر اعلیٰ نے سمری کی منظوری دیدی،ذرائع


Staff Reporter January 13, 2014
صحت کے تمام قومی پروگرامز کا ایک انتظامی سربراہ مقرر کیا جائیگا،محکمے کے سینئر ڈاکٹروں میں بے چینی اور بددلی پھیل گئی. فوٹو: فائل

صوبائی محکمہ صحت نے محکمہ کا بنیادی انتظامی ڈھانچہ تبدیل کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔

محکمہ کے انتظامی ڈھانچے کی تبدیلی کے فیصلے سے محکمہ کے سینئر افسران کو بھی لاعلم رکھا گیا ، تبدیل شدہ انتظامی ڈھانچے کی سمری کی وزیر اعلیٰ سندھ نے منظوری بھی دے دی، نئے انتظامی ڈھانچے کے مطابق صوبے میں جاری بچوںکے حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام سمیت صحت کے تمام قومی پروگرامز کا ا یک نیا انتظامی سربراہ مقررکرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو ڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ سے لیاجائے گا، محکمہ صحت میں گریڈ 20 کی 45 اسامیوں پر تعینات ڈاکٹروںکو ہٹا کر ڈی ایم جی گروپس کے افسران کی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے ، معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی طور پر مجوزہ انتظامی ڈھانچے پر اندرون سندھ سے عملدرآمد کرایا جائے گا جہاں تعلقہ وضلعی اور صحت کے بنیادی اسپتالوں و ڈسپنسریوں میں تعینات ڈاکٹروںکی جگہ ڈی ایم جی گروپس کے افسران تعینات کیے جائیںگے۔

محکمہ میں نئے انتظامی ڈھانچے کو نافذ کرنے کے حوالے سے محکمہ کے سینئر افسران میں شدید بے چینی اور بد دلی پھیل گئی ہے، ایک انتظامی افسر کے مطابق صوبے میں جاری قومی پروگرامزکی نگرانی کیلیے پہلی بار ڈی ایم جی گروپ کے افسرکو تعینات کیاجارہا ہے جس کے ماتحت صحت کے 12پروگرام ہوں گے، ذرائع کے مطابق اس اضافی اسامی پر ڈی ایم جی گروپ کے افسر اور پیپلز پرائمری ہیلتھ انیشیٹو( پی پی ایچ آئی )کے سابق سربراہ ڈاکٹر ریاض میمن کوتعینات کیا جارہا ہے، ذرائع کے مطابق مذکورہ افسرکی ایما پر محکمہ کا انتظامی ڈھانچہ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ان کے مشورے سے محکمہ کے سیکریٹری نے سمری بھی تیارکی جس کو وزیرا علیٰ سندھ نے منظورکرلیا ،سمری کے مطابق تمام قومی پروگرام مجوزہ نئے انتظامی سربراہ کے ماتحت کام کریںگے ان میں سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام ، بچوںکے حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام ، ملیریا کنٹرول پروگرام ، ایم این سی ایچ پروگرام ، وزیراعلی سندھ ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام ، پروینشن اینڈکنٹرول آف بلائینڈنینس ، سندھ بلڈ بینکس اتھارٹی، نیوٹریشن پروگرام سمیت دیگر پروگرام ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے ماتحت کردیے جائیںگے۔

 photo 7_zpsff509eae.jpg

واضح رہے کہ اس سے قبل قومی پروگرامز میں گریڈ20 کے صوبائی مینجرز تعینات تھے لیکن نئے انتظامی ڈھانچے کے بعد قومی پروگرامز کی نگرانی کیلیے ڈی ایم جی گروپ کے ایک نئے ایگزیکٹیوافسرکو مقررکرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے حکومت سندھ پر مزید مالی بوجھ کا اضافہ ہوجائے گا ، ذرائع نے بتایا کہ اندرون سندھ کے تعلقہ، ضلعی اورصحت کے بنیادی مراکز میں بھی ڈی ایم جی گروپس کے افسران کوانتظامی افسران تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، محکمہ کے انتظامی ڈھانچے کی تبدیلی اور گریڈ 20 کی اسامیوں پر ڈی ایم جی گروپس کے افسران کی تعیناتیوںکے لیے محکمہ کے سینئر افسران سے کوئی رائے نہیں لی گئی جس کی وجہ سے محکمہ کے گریڈ20 کے افسران میں سخت تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ میں انتظامی ڈھانچے کی تبدیلی کا فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ کے ایک معتمد خاص نے کیا ہے محکمہ کے بنیادی انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کی اطلاع پر محکمہ کے افسران میں شدید مایوسی اور بے چینی اور تشویش پائی جاتی ہے، افسران کا کہنا ہے کہ اس عمل سے محکمہ کے افسران اور ڈی ایم جی کے افسران میں ٹھن جائے گی، ڈی ایم جی کی اسامی پر محکمہ صحت کے کسی افسرکو تعینات نہیںکیاجاتا، محکمہ کے سینئر افسران نے بتایا کہ اس عمل سے افسران میں سرد جنگ شروع ہوجائے گی، صحت کے مراکز میں آنے والے مریضوںکو اس سردجنگ کا خمیازہ اٹھانا پڑے گا ، معلوم ہوا ہے کہ نئے انتظامی ڈھانچے کا نوٹیفکیشن آئندہ چند دن میں جاری کردیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں