جماعت اسلامی اینٹی نجکاری تحریک چلائے گی منور حسن

حکومت روزگار دینے کے بجائے قومی ادارے بیچ کراپنوں کو نوازنا چاہتی ہے


Staff Reporter January 13, 2014
وزیر خرانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک نے سفید جھوٹ بولا، معاملہ پارلیمنٹ میں لایا جائے۔ امیر جماعت اسلامی۔فوٹو:محمد ثاقب/ایکسپریس

جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ حکومت عوام کی خدمت کے بجائے مسائل میں اضافہ کررہی ہے، اپنی ناکامی، نا اہلی کو چھپانے اور اپنوں کو نوازنے کیلیے قومی اداروں کی نجکاری کی جارہی ہے۔

جماعت اسلامی اینٹی نجکاری تحریک چلائی گی، نجکاری کا معاملہ پارلیمنٹ میں لایا جائے اور اس حوالے سے کمیشن قائم کیا جائے۔ اتوار کوادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے منور حسن نے کہا کہ موجودہ حکومت کو قائم ہوئے اتنے دن ضرور ہوگئے ہیں کہ جس میں عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جاتے مگر حکومت روزگار کی فراہمی اور لاقانونیت کے خاتمے کے بجائے قومی اداروں کی نجکاری کر رہی ہے، نجکاری کے معاملے میں تمام سیاسی جماعتوں کا ایک ہی موقف ہے ، جماعت اسلامی نجکاری کے خلاف سیمینار ز اور کانفرنس کے ساتھ ساتھ اینٹی نجکاری تحریک بھی چلائے گی، لاہور میں اس حوالے سے قومی کانفرنس منعقد کی گئی جبکہ نجکاری کمیٹی کا اجلاس16جنوری کو منعقد کیا جائے گا۔

 photo 4_zpsa911f895.jpg

انھوں نے کہا کہ قومی اداروں کی نجکاری سیاسی نہیں قومی مسئلہ ہے یہ مسئلہ ڈرائنگ روم کی سیاست سے حل نہیں کیا جاسکے گا اس کیلیے عوام کو متحرک کرنا ہوگا، حکومت نے قومی اداروں کی نجکاری کے حوالے سے آئی ایم ایف کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا کہ ہم قرضوں کی تمام شرائط کو تسلیم کرتے ہیں، وزیراعظم ، کابینہ اور چاروں صوبائی حکومتوں نے اس کی منظوری دے دی ہے، حکومت کا یہ خط سراسر جھوٹ پر مبنی ہے، وزیر خرانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک نے سفید جھوٹ بولا ہے، وزیراعلی سندھ کھل کر کہہ چکے ہیں کہ ہم نجکاری کے خلاف ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس حوالے سے کوئی اجلاس نہیں ہوا۔ انھوں نے کہا کہ اسٹیل ملز کے ملازمین کو3 ماہ سے تنخواہ نہیں ملی، لوگ نفسیاتی مریض بن رہے ہیں، ملازمین کی تنخواہیں روک لینا ریاستی دہشت گردی کے مترادف ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں