معروف بھارتی موسیقار شرون راتھور کورونا کے باعث ہلاک

موسیقار شرون راتھور ممبئی کے اسپتال میں نہایت تشویشناک حالت میں داخل تھے، بھارتی میڈیا


ویب ڈیسک April 23, 2021
شرون راتھور شوگر کے عارضے میں مبتلا تھے اور ان کے پھیپھڑے بھی کورونا کے باعث متاثر تھے، بھارتی میڈیا فوٹوفائل

بھارت کے معروف موسیقار شرون راتھور کورونا سے جنگ لڑتے لڑتے 66 برس کی عمر میں زندگی کی بازی ہار گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شرون راتھور ممبئی کے ایس ایل راہیجا اسپتال میں نہایت تشویشناک حالت میں داخل تھے۔ رپورٹس کے مطابق شرون شوگر کے عارضے میں بھی مبتلا تھے اوران کے پھیپھڑے بھی کورونا کے باعث متاثر تھے۔

شرون راتھور کی موت کی تصدیق ان کے ساتھی موسیقار ندیم سیفی نے کی۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے نہایت افسوسناک لہجے میں کہا ہم نے پوری زندگی ایک ساتھ گزاری تھی لیکن اب شرون ہم میں نہیں رہا۔ فلمساز انیل شرما نے بھی ٹوئٹر پر بتایا کہ بھارت کے بڑے اور نامور میوزک ڈائریکٹر شرون کورونا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔



واضح رہے کہ شرون راتھور نوے کی دہائی اور سنہ 2000 کے اوائل کے معروف موسیقار تھے۔ انہوں نے اور ان کے پارٹنر ندیم سیفی نے 90 کی دہائی کے اوائل میں فلم ''عاشقی'' کی موسیقی ترتیب دی تھی۔ اس کے علاوہ شرون راتھور نے فلم ''ساجن''، ''سڑک''، ''پھول اور کانٹے''، ''دیوانہ''، ''راجا''،''اگنی ساکشی''،''جیت''، ''ہم ہیں راہی پیار کے'' اور ''پردیس'' سمیت متعدد البمز پر کام کیا تھا۔

بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر زیادہ خطرناک ہے اور روزانہ لاکھوں کی تعداد میں مثبت کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔ بالی ووڈ میں بھی کئی اداکار کووڈ 19 کا شکار ہوچکے ہیں جن میں نیل نتن مکیش، سونو سود، منیش ملہوترا، کترینہ کیف، اکشے کمار، گووندا، پاریش راول، عالیہ بھٹ، رنبیر کپور اور روہت ساراف وغیرہ شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں