پاکستان میں 2004 سے اب تک 370 ڈرون حملوں میں 3428 افراد مارے گئے امریکی تھنک ٹینک

2010 میں سب سے زیادہ ڈرون حملے کئے گئے جن میں 849 افرادمارے گئے، رپورٹ امریکی تھنک ٹینک

اوباما دور میں پاکستان میں ڈرون حملوں میں 2 ہزار 672 جب کہ بش دور میں 477 افراد ڈرون حملوں کا نشانہ بنے، رپورٹ فوٹو؛فائل

امریکی تھنک ٹینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف استعمال کیے جانے والے ڈرون طیاروں کے 2004 سے اب تک 370 حملوں میں 3 ہزار 428 لوگ لقمہ اجل بنے۔

امریکی تھنک ٹینک نیو امریکا فاؤنڈیشن کی نئی تحقیقی رپورٹ کے مطابق 2004 سے 2013 تک امریکا نے پاکستان میں 370 بار ڈرون حملے کئے جس کے نتیجے میں 3 ہزار 428 افراد مارے گئے، تھنک ٹینک کےمطابق مرنے والوں میں 2 ہزار 787 دہشت گرد جب کہ 307 معصوم شہری شامل تھے، اس کےعلاوہ 334 ایسےافراد بھی ان حملوں میں مارے گئے جن کے بارے معلوم نہیں ہوسکا آیا وہ دہشت گرد تھے یا معصوم شہری کیوں کہ ان کی شناخت نہیں ہوسکی ۔


رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2010 میں سب سے زیادہ ڈرون حملے کئے گئے جن میں 849 افرادمارے گئے، 2013 میں ڈرون حملوں میں 153 افراد جب کہ 2012 میں 306 افراد ہلاک ہوئے،2011 میں 517 افرادموت کے گھاٹ اتار دیئے گئے تو 2009 میں 549 افراد ہلاک ہوئے، 2008 میں کئے جانے والے ڈرون حملے میں 298 افراد جب کہ 2007 میں 63 افراد اپنی زندگی کی بازی ہارگئے۔ سال 2006 میں 94 افراد اور 2005 میں 15 جب کہ 2004 میں 7 افراد کوموت کی وادی میں دھکیل دیاگیا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ براک اوباما دور میں پاکستان میں ڈرون حملوں میں 2 ہزار 672 جب کہ بش دور میں 477 افراد ان حملوں کا نشانہ بنے، سب سے زیادہ ڈرون حملے شمالی وزیرستان میں کیے گئے جب کہ سب سے کم اورکزئی ایجنسی میں ہوئے۔
Load Next Story