فارم کی تلاش شان مسعود کو جنوبی افریقہ لے گئی

اوپنرکیپ ٹاؤن میں گیری کرسٹن کی اکیڈمی میں خامیاں دور کرنے لگے۔


Saleem Khaliq April 25, 2021
اوپنرکیپ ٹاؤن میں گیری کرسٹن کی اکیڈمی میں خامیاں دور کرنے لگے۔ فوٹو: فائل

فارم کی تلاش شان مسعود کو جنوبی افریقہ لے گئی جب کہ قومی ٹیم سے باہر اوپنر ان دنوں کیپ ٹاؤن میں سابق ٹیسٹ کرکٹر گیری کرسٹن کی اکیڈمی میں بیٹنگ کی خامیاں دور کررہے ہیں۔

رواں برس کے اوائل میں دورئہ نیوزی لینڈ میں اوپننگ بیٹسمین شان مسعود کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی، 2 ٹیسٹ کی 4میں سے 3 اننگز میں وہ کھاتہ بھی نہ کھول پائے جبکہ ایک میں 10رنز بنائے تھے، اس کے بعد سے وہ قومی ٹیم کرکٹ سے باہر ہیں،البتہ اس دوران پاکستان کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں ان کی کارکردگی اچھی رہی اور5 میچز میں 118کی اوسط سے472 رنز بنائے،اس میں 2 سنچریاں اور اتنی ہی ففٹیز شامل تھیں۔

شان مسعود ملتان سلطانز کی قیادت کرتے تھے لیکن پی ایس ایل 6سے قبل اچانک انھیں ہٹا کر محمد رضوان کو ذمہ داری سونپ دی گئی، اس دوران ایک ٹی وی انٹرویو میں چیف سلیکٹر محمد وسیم نے یہ بھی کہا کہ ان کی بیٹنگ میں کوئی تکنیکی خامی ہے،حیران کن طور پر شان مسعود اور ان سے پہلے ہی قومی ٹیم سے باہر ہونے والے اسد شفیق کو پی سی بی نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹرلاہور میں خامیاں دور کرنے کیلیے نہیں بلایا۔

ذرائع کے مطابق لیفٹ ہینڈڈ اوپنر گذشتہ کئی روز سے جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں گیری کرسٹن اکیڈمی میں بیٹنگ بہتر کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، پروٹیز کیلیے 101ٹیسٹ اور 185 ون ڈے کھیلنے والے سابق بیٹسمین ان کی تکنیک پر بھی خاصا کام کر رہے ہیں۔

2011 ورلڈکپ کی چیمپئن بھارتی ٹیم کے کوچ کرسٹن کی رہنمائی سے شان کو خامیوں پر قابو پانے میں خاصی مدد ملی ہے،2 ہفتے کیپ ٹاؤن میں گذارنے کے بعد آئندہ ہفتے وہ کراچی واپس آ رہے ہیں، ان کی نگاہیں پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں عمدہ پرفارمنس پر مرکوز ہوں گی، البتہ قومی ٹیم میں واپسی کا موقع نومبر کے دورہ بنگلادیش میں ہی مل سکے گا۔

شان مسعود باقاعدہ طور پر پی سی بی کی اجازت سے جنوبی افریقہ گئے ہیں۔یاد رہے کہ اوپنر نے25 ٹیسٹ میں 29.31 کی اوسط سے 1378رنز بنائے ہیں، اس میں 4 سنچریاں اور6 ففٹیز شامل ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں