پاکستان کی پیشکش پر بھارتی رکن اسمبلی کا واہگہ باڈر پر آکسیجن کوریڈور بنانے کا مطالبہ

پاکستانی وزیراعظم اور ایدھی فاؤنڈیشن کی پیشکش سے فی الفور فائدہ اُٹھانا چاہیئے، گرجیت سنگھ کا مودی کو خط

مودی وزیراعظم پاکستان کی پیشکش کو قبول کریں، رکن اسمبلی (فوٹو: فائل)

وزیراعظم عمران خان کی کورونا کی نئی ہلاکت خیز لہر میں بھارت کی ہر ممکن مدد کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے انڈین رکن پارلیمنٹ نے مودی سرکار سے واہگہ بارڈر پر آکسیجن کوریڈور بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کے رہنما اور امرتسر سے رکن اسمبلی گرجیت سنگھ اوجلا نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے لکھے گئے خط میں پاکستان اور بھارت کے درمیان آکسیجن کوریڈور کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنے خط میں رکن اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان اور ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے تعاون کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے لکھا کہ ریاست پنجاب میں آکسیجن کی قلت کو دیکھتے ہوئے کوریڈور کی تعمیر ناگزیر ہوگئی ہے اس لیے بھارتی وزیراعظم فی الفور پاکستان کی پیشکش سے فائدہ اُٹھانا چاہیئے۔


گرجیت سنگھ نے مزید لکھا کہ امرتسر سے سب سے نزدیک آکسیجن پلانٹ پانی پت میں ہے جو 350 کلومیٹر کی دوری پر ہے جب کہ لاہور صرف 50 کلومیٹر دور ہے اس لیے امرتسر کی 30 ٹن آکسیجن کی ضرورت کے لیے لاہور سے کھیپ زیادہ جلدی سے منگوائی جاسکتی ہے۔

رکن اسمبلی گرجیت سنگھ کے بھارتی وزیراعظم کو لکھے گئے خط کا تاحال کوئی جواب نہیں آیا ہے۔ مودی سرکار بدترین انسانی المیے پر بھی نفرت اور تعصب کی سیاست سے باز نہیں آرہی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں یومیہ کورونا کیسز کی تعداد 3 لاکھ سے زائد ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی یومیہ تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

 
Load Next Story