کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر جوڑے کی حفاظتی لباس میں شادی کے پھیرے کی ویڈیو

شادی سے ایک روز قبل دلہا کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا

دلہا کا ایک ہی دن قبل کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، فوٹو: ویڈیو گریب

بھارت میں شادی سے ایک روز قبل دلہا کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر جوڑے نے عروسی لباس کے بجائے کورونا کا مکمل حفاظتی لباس پہن کر شادی کے پھیرے لیے اور دیگر رسومات ادا کیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش میں شادی کی ایک ایسی انوکھی تقریب منعقد ہوئی جس میں دلہا دلہن نے نہ تو میک اپ کیا ہوا تھا اور نہ ہی عروسی لباس زیب تن کیے ہوئے تھے۔ اپنی نوعیت کی اس منفرد شادی کی تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔




سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہا دلہن وائرس سے بچنے کے لیے خصوصی لباس پی پی ای پہن کر پھیرے لے رہے ہیں۔ اور یہی لباس پہنے دونوں نے ایک دوسرے کو ہار پہنائے، زندگی بھر ساتھ نبھانے کے عہد و پیماں کیئے۔

شادی سے ایک روز قبل ہی دلہے کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا تاہم کوئی علامت موجود نہیں تھی، جب بارات دلہن کو لینے پہنچی تو تحصیلدار نے رسومات کی اجازت تو دیدی لیکن کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی۔

تحصیلدار کے ہی کہنے پر ہی دلہا دلہن کو پی ای ای یعنی ذاتی تحفظ کا لباس پہننے کو دیا گیا۔ دلہا دلہن کا کہنا تھا کہ یوں تو ہر شادی خاص ہوتی ہے لیکن ہماری شادی خاص الخاص ہوگئی ہے۔
Load Next Story