ایم کیو ایم کا شہید چوہدری اسلم کو نشان حیدر دینے کا مطالبہ

چوہدری اسلم کی بے مثال قربانیوں کے پیش نظر ان کی بیوہ نے جو مطالبات پیش کئے ہیں ان پر فوری توجہ دی جائے، رابطہ کمیٹی

چوہدری اسلم نے پاکستان کے لئے جو خدمات پیش کی وہ ناقابل فراموش ہیں اور پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے، رابطہ کمیٹی فوٹو: فائل

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے حکومت سے خودکش حملے میں شہید ہونے والے ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کو نشان حیدر دینے کا مطالبہ کیا ہے۔


رابطہ کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں ایس ایس پی سی آئی ڈی شہید چوہدری اسلم کی بیوہ نورین اسلم کی جانب سے پیش کئے گئے مطالبات کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری اسلم نے پاکستان کے لئے اپنی جان قربان کردی لہٰذا ان کی بے مثال قربانیوں کے پیش نظر ان کی بیوہ نے جو مطالبات پیش کئے ہیں ان پر فوری توجہ دی جائے اور چوہدری اسلم کی بیوہ اور بچوں کو مکمل تحفظ فراہم، شہید کے بیٹوں کو پولیس میں ملازمت دینے کا اعلان اور لیاری ایکسپریس وے کو چوہدری اسلم شہید کے نام سے منسوب کیا جائے۔

رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ چوہدری اسلم ملک کے دشمنوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے ہیں لہٰذا ان کی اس قربانی اور پاکستان کے لئے لازوال خدمات کے اعتراف میں انہیں نشان حیدر دیا جائے، چوہدری اسلم نے پاکستان کے لئے جو خدمات پیش کی وہ ناقابل فراموش ہیں اور پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
Load Next Story