جشن آمد رسول ﷺ

نبی اکرمؐ کے یوم ولادت کے موقع پر معروف نعت خوانوں اور قوالوں کا ’’ایکسپریس‘‘ سے اظہار خیال


Qaiser Iftikhar January 14, 2014
نبی اکرمؐ کے یوم ولادت کے موقع پر معروف نعت خوانوں اور قوالوں کا ’’ایکسپریس‘‘ سے اظہار خیال۔ فوٹو : فائل

ربیع الاول کے بابرکت مہینہ میں دنیا بھرمیں بسنے والی امت مسلمہ جشن عید میلاد النبیؐ کو روایتی عقیدت واحترام سے مناتی ہے۔

گلی، محلوں، شاہراؤں، گھروں اور عمارتوں کو رنگا رنگ روشنیوں سے سجایا جاتاہے جبکہ محافل میلاد، سیمینارز اورمساجد میں بھی خصوصی محفلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے، جہاں علماء کرام حضورپاکؐ کے یوم ولادت کے موقع پر آنحضورؐ کی شان بیان کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ سرکاری اورنجی چینلز پرمحفل میلاد، نعتیہ مشاعرے اور دیگر دینی معلوماتی پروگرام ٹیلی کاسٹ ہوتے ہیں، اس کے ساتھ ریڈیو پاکستان اور دیگر نجی ریڈیو چینلز بھی خصوصی نشریات پیش کرتے ہیں۔



محافل میلاد میں ہمارے ملک کے معروف نعت خواں ہدیہ عقیدت پیش کرتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ محفل سماع میں معروف قوال ''جشن آمد رسولؐ'' کا ورد کرتے سنائی دیتے ہیں۔ یہ سلسلہ ماہ ربیع الاول کے دوران جاری رہتا ہے۔ بڑے شہر ہوں یا گاؤں دیہات، سرکاری ہال ہویا گراؤنڈ ہر جگہ محفلوں کا انعقاد ہوتا ہے۔ جبکہ اس دن کی مناسبت سے ملک کے کونے کونے کوسجایا جاتا ہے۔



گویا ہر کوئی اس مبارک دن کی سعادتوں اور مسرتوں میں شریک ہونے کے لیے اپنی توجہ اس پر مرکوز کیے ہوتا ہے۔ یہ جذبہ دیدنی اورقابل رشک ہے۔ حضورؐ سے محبت اور غلامی کا اظہارجس طرح دنیا بھرکے مسلمان کرتے ہیں، ویسے ہی پاکستان میں بسنے والے مسلمان بھی اس دن کے حوالے سے خاصے پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔

جشن عیدمیلاد النبیؐ کے حوالے سے ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے معروف نعت خواں اویس رضا قادری نے کہا کہ ثناء خوان مصطفیٰ کہلوانے کے اعزازمیں جومزہ ہے وہ کسی دوسری اعزاز میں نہیں۔ جب بھی محفل میلاد میں حاضری کیلئے جاتا ہوں تومجھے ہدیہ نعت پیش کرتے ہوئے ذہنی اور روحانی سکون ملتاہے۔ جس کوکوئی نعم البدل نہیں ہے۔ جہاں تک بات ملک بھرمیں سجنے والی محافل میلاد کی ہے تواس میں ہر بار اضافہ ہورہاہے۔ ایک طرف تومحفلوں کی تعداد میں حیرت انگیزاضافہ ہوتا جا رہا ہے تودوسری جانب شرکاء کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔ لوگ اپنی فیملیز کے ہمراہ ان محافل میں شریک ہوتے ہیں جس کودیکھ کربہت اطمینان محسوس کرتا ہوں۔

بین الاقوامی شہرت یافتہ قوال امجد صابری نے کہا کہ ربیع الاول کے مہینے میں محفل سماع کا سلسلہ ملک بھرمیں ہی نہیں بلکہ بیرون ممالک میں بھی محفل سماع کا انعقاد بڑے پیمانے پر کیا جاتا ہے۔ جہاں تک بات میری ہے تومیں بھی بہت عقیدت واحترام کیساتھ اپنی پارٹی کے ہمراہ ان محافل میں شریک ہوتا ہوں اوران روحانی محفلوں میں حصہ لے کرمجھے بہت اچھا لگتا ہے۔ اسی طرح کئی بار ربیع الاول کے مہینہ میں بیرون ملک میں بھی سجنے والی محفلوں میں حاضری کا موقع ملتا ہے تو لوگوں کا حضور پاکؐ سے عشق دیکھ کرحیران رہ جاتا ہوں۔



گلوکارہ سارہ رضاخان کا کہنا ہے کہ میوزک کنسرٹس میں پرفارمنس کا سلسلہ تو سال بھر جاری رہتا ہے لیکن ربیع الاول کے بابرکت مہینہ میں صرف محفل میلاد میں حاضری دیتی ہوں اور یہ حاضری بلامعاوضہ ہوتی ہے۔ یہ آقا دو جہاںؐ سے میری عقیدت کا ایک انداز ہے جس کیلئے میں پوری کوشش کرتی ہوں کہ انتہائی ادب واحترام کے ساتھ محفلوں میں شریک ہوں اور رسول پاکؐ کی شان بیان کرسکوں۔ ان محافل میں شرکت پر میں خود کوبہت خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ مجھے حضورؐ کی شان بیان کرنے کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ میرے لئے بہت بڑے اعزازکی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ نعتیہ کلام ریکارڈ کرنے کے بعد ویڈیو بنائے ہیں جو ان دنوں تمام چینلز سے آن ایئر ہیں۔

معروف نعت خواں مرغوب ہمدانی نے کہا ہے کہ نعت خوانی کا شعبہ بہت ہی محترم ہے اور ثناء خوان مصطفیؐ ہونے کے بعد جو عزت اور مقام مجھے ملا اس کو لفظوں میں تو بیان نہیں کیا جاسکتا۔ لیکن جب بھی حضورؐ کی شان بیان کرتا ہوں تو بہت سکون محسوس کرتا ہوں۔ اب ملک بھر میں محفلیں سجائی جارہی ہیں۔ کونے کونے سے حضورؐ کی شان بیان ہونے کی آواز سنائی دیتی ہے۔ امت مسلمہ روایتی عقیدت واحترام کے ساتھ اس سلسلہ کوجاری رکھے ہوئے ہے اوریہ سلسہ تاقیامت جاری رہے گا۔

نعت خواں حنانصراللہ نے کہا کہ ہدیہ نعت پیش کرنے سے مجھے جوعزت اورشہرت ملی وہ سب کے سامنے ہے۔ اس لئے مجھے تو ثناء خوان مصطفیؐ ہونے اور کہلوانے پر فخر ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ وہ بہت خوش قسمت لوگ ہوتے ہیں جن کو اس کام کیلئے منتخب کیا جاتا ہے۔ ان خوش نصیب لوگوں میں سے میں بھی ایک ہوں۔



معروف قوال سکندرمیاندادخاں نے کہا کہ ملک بھرمیں محفل سماع کا انعقاد کیاجارہاہے۔ جن میں علماء کرام حضورؐ کی شان بیان کرتے ہیں تو دوسری جانب قوالی کا سلسہ بھی جاری رہتا ہے۔ فن قوالی ہمارا خاندانی کام ہے لیکن محفل سماع میں حاضری بہت ہی عقیدت اور احترام کے ساتھ کرنا اپنا اولین فرض سمجھتاہوں۔ کیونکہ حضور پاکؐ کی شان اس وقت تک بیان نہیں کی جاسکتی جب تک اس میں عقیدت شامل نہ ہو۔ جہاں تک بات قوالی کے البم کی ہے تو اس مرتبہ ایک البم ریلیز کیا ہے جس میں دو نعتیہ کلام بھی شامل ہیں۔

معروف قوال زمان زکی تاجی نے کہا کہ ربیع الاول کے مہینہ میں جس طرح سے ملک بھر کو سجایا جاتا ہے اور اس دن کوعقیدت واحترام سے منایا جاتا ہے اس کی مثال دوسرے ممالک میں نہیں ملتی۔ ملک بھر میں سیمینارز کا انعقاد ہوتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ محفل میلاد اور سماع کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔

ربیع الاول کے مہینہ میں حسب روایت کراچی، حیدرآباد اور دیگر مقامات پر منعقدہ محفل سماع میں حاضری کیلئے جاتا ہوں۔ یہ روایت ہماری خاندانی ہے اور اس کو ہمیشہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میوزک کمپنیوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے تواس وجہ سے بھی اب زیادہ ترلوگ آڈیو اور سی ڈی البم ریکارڈ نہیں کررہے جس کی وجہ سے ربیع الاول کے مہینہ میں اس بار نئی قوالیاں اور نعتیں کم سنائی دے رہی ہیں۔ اس کیلئے سب کو مل کر کام کرنا چاہئے۔



نعت خواں عابد رؤف قادری، اسد ایوب اور شہباز قمر فریدی نے کہا ہے کہ ملک کے کونے کونے میں محفل میلاد کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں جہاں معروف نعت خواں ہدیہ نعت پیش کرتے ہیں، وہیں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کی بھی بڑی تعداد وہاں موجود ہوتی ہے۔ خاص طور پر خواتین اور بچوں کو ان محفلوں میں دیکھ کردلی خوشی ہوتی ہے۔ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظرہماری دعا ہے کہ جشن عیدمیلاد النبیؐ کا دن نہایت عقیدت اور احترام کے ساتھ مناتے ہوئے خیرو عافیت کے ساتھ گزرے۔ آمین

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں