حکومت کا 10 سے 15 مئی تک عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان

تمام مارکیٹس، دکانیں، تفریحی مقامات، پبلک پارکس، شاپنگ مالز 8 سے 16 مئی تک بند رہیں گے، این سی او سی


ویب ڈیسک April 29, 2021
وفاقی حکومت کے ملازمین کو 8 مئی ہفتے سے 16 مئی اتوار تک 9 چھٹیاں ملیں گی

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشن سنٹر(این سی او سی) نے 10 مئی سے پندرہ مئی تک عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں کورونا وبا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ این سی او سی نے 40-49 سالہ شہریوں کی کورونا ویکسینیشن 3 مئی سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان آنے والی پروازیں 5 سے 20 مئی تک کم کردی جائیں گی اور اس فیصلے پر نظر ثانی 18 مئی کو ہوگی۔ عالمی پروازویں کم کرنے سے متعلق تفصیلی احکامات سول ایوی ایشن اتھارٹی جاری کرے گی۔

یہ پڑھیں : کورونا وبا؛ مزید 150 افراد جاں بحق، مجموعی اموات کی تعداد17 ہزار سے تجاوز

اجلاس میں آکسیجن کی تیاری اور فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ این سی او سی نے آکسیجن اور آکسیجن سلنڈر کی درآمد کی بھی منظوری دے دی۔ ملک میں صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کو بڑھانے کے لئے 6000 میٹرک ٹن آکسیجن اور 5000 آکسیجن سلنڈروں کی درآمد کی اجازت دی جائے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ صحت کی دیکھ بھال کے لئے آکسیجن کی بہترفراہمی کے لئے مصری شاہ کی اسکریپ انڈسٹری کو بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

عید تعطیلات

اجلاس میں دس مئی پیر سے پندرہ مئی ہفتہ تک عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان بھی کیا گیا۔ اس طرح وفاقی حکومت کے ملازمین کے لیے 8 مئی ہفتے سے 16 مئی اتوار تک 9 چھٹیاں بنیں گی، جبکہ صوبوں کے ملازمین کیلئے عید الفطر کی 8چھٹیاں ہو جائیں گی۔ این سی او سی نے کہا کہ 8 سے 16 مئی تک"گھر رہو محفوظ رہو" کی حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جائے، زیادہ چھٹیوں کا مقصد عید کے دوران ملکی سطح پر نقل حمل کو محدود کرنا ہے۔ یوم علی، شب قدر، اعتکاف، جمعتہ الوداع کےلیے جاری گائیڈ لائنز پر عمل درآمد یکم مئی سے ہوگا۔

بازار، دکانیں، پارکس بند

این سی او سی نے مزید فیصلے کیے کہ چاند رات کے بازاروں پر پابندی ہوگی، "گھر رہو محفوظ رہو" کی حکمت عملی کے تحت تمام مارکیٹس، دکانیں، کاروبار بند رہیں گے، تمام مہندی، جیولری اور کپڑوں کے اسٹالز پر مکمل پابندی ہو گی، تمام تفریحی مقامات، پبلک پارکس، شاپنگ مالز 8 سے 16 مئی تک بند رہیں گے، تفریحی مقامات اور ان کے ارد گرد موجود ہوٹلز بھی بند رہیں گے۔

عید کے دنوں میں کھانے پینے کی دکانیں، میڈیکل اسٹورز، پیٹروم پمپس کھلے رہیں گے جبکہ ریستورانوں سے کھانا لے جانے کی اجازت ہو گی۔

ٹرانسپورٹ بند

عید کیلئے اضافی ٹرینیں 7 مئی تک چلائی جائیں گی تاہم بین الصوبائی، انٹر اور انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ پر8سے 16مئی تک مکمل پابندی رہیگی، نجی گاڑیوں، رکشوں اور ٹیکسیز کو 50 فیصد سواریوں کے ساتھ اجازت ہوگی۔ این سی او سی نے ہدایت کی کہ عید کی تعطیلات کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

عید پر فلمز اور ڈرامیں نشر کیے جائیں

این سی او سی نے ہدایت کی کہ الیکٹرانک میڈیا عید کی چھٹیوں میں تفریحی پروگرامز، فلمز اور ڈرامیں نشر کرے ، تفریحی پروگرامز، فلمز اور ڈراموں کا مقصد لوگوں کو گھروں تک محدود رکھنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں