بھارتی شخص نے اپنی بیوی کی اس کے محبوب سے شادی کروادی

ریاست بہار کے شہری کا یہ اقدام کسی فلمی کہانی کا سین لگتا ہے


ویب ڈیسک April 30, 2021
بھارتی شہری اتم منڈل کی تصویر (فوٹو: اسکرین شاٹ یوٹیوب ویڈیو)

ایک بھارتی شخص نے اپنے عمل سے پوری دنیا کو حیران کردیا جب اس نے شادی کے سات برس بعد اپنی بیوی کی شادی اس کے محبوب سے کروادی جو عمر میں اس سے چھوٹا ہے۔

ریاست بِہار کے شہر بھاگلپور سے تعلق رکھنے والے اُتم منڈل کی شادی سات برس قبل سپنا کماری سے ہوئی۔ 2014ء سے وہ ہنسی خوشی رہ رہے تھے اور ان کے دوبچے بھی ہوئے۔ اس کے بعد ایک مقام پر سپنا اپنے شوہر کے رشتے دار کو دل دے بیٹھی جو عمر میں اس سے چھوٹا تھا۔



اس کے بعد دونوں میں روابط بڑھے جس کی خبر اتم کو ہوگئی اور دونوں کے درمیان لڑائی جھگڑے ہونے لگے۔ جھگڑوں کے باوجود سپنا نے محبوب کو چھوڑنے سے انکار کردیا اور وہ اپنے محبوب سے قریب تر ہوتی گئی۔ یہاں تک کہ ایک مقام پر اُتم منڈل خود آگے بڑھا اور اپنی بیوی کی مدد کرتے ہوئے اس کی شادی اس کے محبوب سے کروادی۔



یہ عین کسی فلم کا ماجرا لگتا ہے لیکن اس کہانی سے معلوم ہوا کہ حقیقی زندگی فلمی کہانیوں سے بھی عجیب ہوسکتی ہے۔ اُتم نے میڈیا کو بتایا کہ 'پہلے میں غصے اور اداسی کی کیفیت میں رہا، پھر میں نے سوچا کہ اگر میں نے کوئی قدم نہیں اٹھایا تو ہم تینوں کی زندگی تباہ ہوجائے گی، صرف یہی واحد حل تھا جس کے تحت ہم تینوں مسرور رہ سکتے تھے،۔



اس دوران سپنا کے گھروالوں اور سسرالیوں نے بھی اسے سمجھانے کی بہت کوشش کی کہ وہ اپنے بچوں کا خیال کرتے ہوئے اتم کے پاس ہی رہے لیکن تمام کوششیں بے سود ہوگئیں۔ آخر میں اتم نے کہا کہ وہ خود اپنی بیوی کی اس کے محبوب کی شادی میں شرکت کرے گا۔

اس طرح سپنا کماری اور راجو کمار کی شادی بہار کے علاقے ستان گنج میں ہوگئی۔ اس موقع پر اتم نے اپنی سابقہ بیوی کو دعا بھی دی اور کہا کہ شاید یہ جوڑا آسمان پر بنا تھا۔

دوسری جانب سپنا نے بہت اصرار کے باوجود اپنے دونوں بچوں کو بھی ساتھ لے جانے سے انکار کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں