لیاری میں کشیدگی برقرارفائرنگ و پرتشدد واقعات میں خاتون و پولیس افسر سمیت5ہلاک

بغدادی میں بابا لاڈلا کے کارندے کی رشتے دارعورت کو مخبری کے شبہے میں ، چاکی واڑہ میں 2نوجوانوں کو ماردیا گیا

13دن میں10پولیس اہلکار قتل، میراں ناکہ،کلاکوٹ ، اورنگی میں فائرنگ، قبرستان میں مقتول کی تدفین کے وقت پولیس پہنچ گئی فوٹو: فائل

لیاری کا علاقہ بدستور بدامنی کی لپیٹ میں ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے گینگ وارکے سامنے بے بس نظر آرہے ہیں۔ پیر کو بھی مسلح افراد نے لیاری میںعورت سمیت 3 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ مختلف علاقوں میں پرتشدد واقعات میں پولیس افسر سمیت 2افراد قتل ہوگئے۔

لیاری کے علاقے بغدادی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 25 سالہ گلشن بی بی دختر کریم بخش ہلاک ہوگئی، ایس ایچ او بغدادی عالم ڈاہری نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتولہ کو مخبری کے شبہے میں مارا گیا، مقتولہ احمد شاہ بخاری روڈ کی رہائشی اور بابا لاڈلہ گروپ کے کارندے رحیم وحشی کی رشتے دار تھی، رحیم وحشی مقابلے میں ہلاک ہوچکا ہے۔ لیاری کے ہی علاقے کلاکوٹ میں چاکی واڑہ 2 نمبر پر فائرنگ سے 2 نوجوان ہلاک ہوگئے ، واقعے کے بعد کلاکوٹ، چاکی واڑہ اور نیپئر پولیس کے مابین حدود کا تنازع کھڑاہوگیاتاہم پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کی عمریں 25 برس ہیں۔ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے لیاری کے علاقے میراں ناکہ میں 25 سالہ عثمان کچھی،کلاکوٹ کے میں 23 سالہ فضل علی، اورنگی ٹاؤن کے علاقے ساڑھے 11 رئیس امروہوی کالونی میں26 سالہ کاشف کلاکوٹ کے علاقے آٹھ چوک کے قریب 25سالہ اسلم بلوچ، آرٹلری میدان کے علاقے غضنفر علی روڈ پر 18سالہ ریحان زخمی ہوگیا۔

اورنگی ٹاؤن کے علاقے ایم پی آر کالونی بلاک A میں واقع ہارڈویئر کی دکان میں بیٹھے ہوئے 48 سالہ سالہ انسپکٹر اقبال ملک کو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا جنھیں انتہائی تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال لیجایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گئے۔




ایس پی اورنگی ٹاؤن چوہدری اسد نے بتایا کہ مقتول اپنے بیٹے کی دکان میں بیٹھے ہوئے تھے جبکہ ان کی رہائش دکان کے اوپر ہی تھی، مقتول کو جسم پر 3 گولیاں لگی تھیں ، ملزمان کی تعداد 2 تھی جو موٹر سائیکل پر سوار تھے، مقتول اورنگی ٹاؤن تھانے میں انویسٹی گیشن افسر تعینات تھا۔

پولیس و رینجرز کے درجنوں ٹارگٹڈ آپریشن اور دہشت گردوں و ٹارگٹ کلرز سمیت درجنوں ملزمان کی گرفتاری اور بھاری تعداد اسلحہ اور گولا بارود برآمد کیے جانے کے دعووں کے باوجود رواں ماہ جنوری کے ابتدائی 13 روز میں ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم سمیت 10 پولیس افسران و اہلکاروں کو دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا جس سے پولیس اور رینجرز کی کارکردگی کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ گلشن معمار کے علاقے افغان کیمپ میں گھریلو تنازع پر 30 سالہ عبدالمالک کو قتل کردیا گیا، ذرائع نے بتایا کہ واقعے کے بعد اہل خانہ مقامی قبرستان میں مقتول عبدالمالک کی تدفین کررہے تھے کہ اسی اثنا میں پولیس پہنچ گئی اور لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی، گلشن معمار تھانے کے اے ایس آئی ارشد جٹ نے بتایا کہ عبدالمالک کے اہل خانہ نے قتل کا الزام مقتول کی اہلیہ فاطمہ پر عائد کیا ہے اور کہاکہ واقعے کے بعد سے وہ غائب ہے، مقتول بے روزگار تھا، والد اور بھائی مالی معاونت کرتے تھے۔لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ایک شخص کی شناخت رؤف عرف چیل کے نام سے ہوگئی جو لیاری افشانی گلی کا رہائشی اور اس کا تعلق لیاری گینگ وار کے عذیر جان بلوچ گروپ سے تھا ۔دوسرے کا نام مصطفی بتایا جاتا ہے۔
Load Next Story