عمران کی جھاڑ پر پختونخوا حکومت حرکت میں آگئیاسکول اعتزاز سے منسوب اہل خانہ کیلیے50لاکھ روپے امداد

وزیراعلیٰ کے مشیر وفدکے ہمراہ ہنگو پہنچ گئے، شہید کے خاندان سے اظہار تعزیت،اعتزازکے نام سے اسٹیڈیم بھی بنائیں گے

گورنرشوکت اللہ کی بھی قبرپرحاضری،صدراور وزیراعظم کی طرف سے پھول چڑھائے،فوٹو: فائل

MULTAN:
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے جھاڑ پلانے کے بعد خیبرپختونخوا کی حکومت حرکت میں آگئی اور ہنگو میں اس سکول کو اعتزاز حسن شہید کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

جسے کمسن اعتزاز نے اپنی جان دے کر خودکش حملے سے بچایا تھا جبکہ متاثرہ خاندان کیلیے 50 لاکھ روپے امداد بھی دینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ پیر کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی ہدایت پر ان کے مشیر امجد آفریدی، رکن صوبائی اسمبلی اشتیاق ارمڑ ، کمشنر کوہاٹ اور دیگر سینئر حکام ہنگو کے علاقہ ابراہیم زئی گئے اور اعتزاز شہید کے اہلخانہ سے تعزیت وہمدردی کا اظہار کیا۔ امجد آفریدی نے کہا کہ اعتزاز کی قربانی کوسراہتے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی طرف سے ہائی اسکول ابراہیم زئی کو شہید طالب علم کے نام سے منسوب کرنیکا اعلان کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اعتزاز شہید کے خاندان کو 50 لاکھ روپے امداد دے گی جبکہ اس علاقے میں اعتزاز شہید کے نام سے ایک اسٹیڈیم بھی تعمیر کیا جائیگا ۔




واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اتوار کو اعتزاز شہید کے معاملے پر فوری ردعمل نہ دکھانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ اور صوبائی حکومت کے رویے کو مایوس قرار دیا تھا۔ علاوہ ازیں گورنر خیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ نے بھی پیر کوہنگو کا دورہ کیا اور صدر و وزیراعظم کی جانب سے اعتزاز شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ گورنر نے اعتزاز حسن کے اہلخانہ سے بھی ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ اعتزاز حسن قومی ہیرو ہے ، انھوں نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ، ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ سابق صدر زرداری کی طرف سے پیپلزپارٹی کے وفد نے ایم پی اے نگہت اورکزئی کے ہمراہ جاکراعتزاز حسن کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی۔
Load Next Story