بھارتی مسلمان اداکارکووڈمیں رمضان کس طرح گزار رہے ہیں

کووڈ بحران کے دوران اس رمضان المبارک میں ضرورت مندوں کی مدد کریں، بھارتی فنکار

کووڈ بحران کے دوران اس رمضان المبارک میں ضرورت مندوں کی مدد کریں۔ بھارتی فنکار

رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں جہاں پوری دنیا کے مسلمان روزہ رکھتے اور خدا کی عبادت کرتے ہیں وہیں بھارتی ٹی وی کے مسلمان اداکار بھی شوٹنگ اور کام کے دوران روزہ رکھتے اور خدا کی عبادت کرتے ہیں۔

تاہم اس بار وبائی بیماری کووڈ 19 کی وجہ سے یہ رمضان تھوڑا مختلف ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے شوٹنگ نہیں ہورہی اور فنکار رمضان کے مقدس ماہ کو اپنے گھر والوں کے ساتھ گزار رہے ہیں۔ بھارتی فنکاروں کا کہنا ہے کہ کووڈ بحران کے دوران اس رمضان المبارک میں ضرورت مندوں کی مدد کریں۔ آئیے دیکھتے ہیں بھارتی ٹی وی کے مسلمان اداکار اس سال رمضان المبارک کس طرح گزار رہے ہیں۔

اقبال خان



اقبال خان بھارتی ٹی وی کے معروف اداکار ہیں اور کئی کامیاب ڈراموں میں کام کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران اس مقدس ماہ میں دیگر کاموں کے لیے وقت نکالنا آسان ہے۔ مثلاً ضرورت مندوں کی مدد کرنا وغیرہ۔ اقبال خان نے بتایا رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں میرا دوست منیش پال ہمارے لیے افطاری کا اہتمام کرتا تھا اور ہم سب بہت لطف اندوز ہوتے تھے۔ لیکن اس سال ہم سب گھر پر ہیں۔ اقبال خان نے بتایا کہ وہ ہر سال رمضان میں ہر جمعہ کو حاجی علی کے مزار پر جایا کرتے تھے لیکن اس بار کووڈ کی وجہ سے وہ وہاں نہیں جاسکتے۔

سارہ خان



ایک اور معروف ٹی وی اداکارہ سارہ خان نے بتایا کہ اس سال روزے رکھنا آسان ہے کیونکہ اس بار میں اپنے گھر والوں کے ساتھ روزے رکھ رہی ہوں۔ موجودہ حالات میں ہم نے اپنے گھر میں اشیائے خورونوش کا ذخیرہ کرلیا ہے۔ جب سے میں شوٹنگ نہ ہونے کی وجہ سے گھر پر ہوں افطاری اور سحری میں ہی بناتی ہوں۔ اور میں یہ وقت اپنے والد اور والدہ کی دعا سننے میں گزارتی ہوں۔

علی گونی




ڈراما سیریل ''یہ ہیں محبتیں'' اور ''بگ باس'' سے مشہور ہونے والے اداکار علی گونی کا کہنا ہے کہ وہ یہ رمضان اپنے گھروالوں کے ہمراہ جموں میں گزار رہے ہیں۔ گزشتہ برس میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے ممبئی میں پھنس گیا تھا لیکن اس بار میں خوش ہوں کہ رمضان کا یہ مقدس مہینہ میں والدین اور بہنوں کے ساتھ گزار رہا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں ان دنوں کو یاد کرتا ہوں جب ڈراما سیریل ''یہ ہیں محبتیں'' کی ٹیم رمضان المبارک میں پھلوں اور مٹھائیوں کا اہتمام کرتی تھی۔ تاہم اس سال میں اپنی والدہ کے ساتھ کھانا بنارہاہوں اور اپنے گھر والوں کے ساتھ وقت گزار رہاہوں۔

زان خان



بھارتی ٹی وی کے ایک اور اداکار زان خان نے بتایا کہ میں 7 برس کی عمر سے روزے رکھ رہا ہوں۔ بہرحال میں گزشتہ 5 برسوں سے رمضان المبارک کے دوران بھی شوٹنگ کررہا ہوتا تھا لیکن اب میں گھر پر ہوں۔ اس پورے مہینے نہ صرف جسمانی صفائی کرنے کا وقت ہے بلکہ دماغ بھی صاف کرنے کا وقت ہے۔ میں نے اس بار رمضان المبارک میں توانائی بچانے کے لیے کم بولنے اور گھر پر رہ کر خدا کی عبادت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آمنہ شریف



اداکارہ آمنہ شریف نے کہا کہ اپنے جسم کا خیال رکھنا اور مدافعتی نظام کو بہتر بنانا اہم ہے۔ میں اس بار رمضان المبارک کے دنوں میں غذائیت سے بھرپور کھانے کھاتی ہوں۔ اور میرا زیادہ تر وقت دنیا سے کورونا وبا کے خاتمے کے لیے دعا کرتے ہوئے گزرتا ہے۔

خالد صدیقی



اداکار خالد صدیقی نے بتایا کہ انہوں نے کبھی روزہ نہیں چھوڑا شوٹنگ کے دوران سیٹ پر بھی باقاعدگی سے روزہ رکھا۔ اکثر افطاری سیٹ پر ہوتی تھی اور پوری ٹیم مزیدار کھانوں سے لطف اندوز ہوتی تھی۔ لیکن یہ سال مختلف ہے۔ میں ابھی ابھی کورونا وائرس سے صحت یاب ہوا ہوں لیکن ابھی بھی میرے اندر بیماری کی وجہ سے کمزوری ہے۔ اداکار خالد نے بتایا کہ وہ اس رمضان گھر میں اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں اور اپنی صحت اور تندرستی کی طرف توجہ دے رہے ہیں۔
Load Next Story