آئندہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کیساتھ مہنگائی روکنے پر توجہ دی جائے وزیر اعظم

نئے منصوبوں سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، بریفنگ


Numainda Express May 03, 2021
نئے منصوبوں سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، بریفنگ ۔ فوٹو : فائل

وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مستقبل کی ضرورتوں کو مدنظر رکھ کر ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل کے ساتھ مہنگائی روکنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت آئندہ بجٹ اور ملکی معیشت کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، شفقت محمود، اسد عمر، فواد چوہدری، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا محمود خان، صوبائی وزرا ہاشم جواں بخت، تیمور سلیم جھگڑا اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں آئندہ بجٹ کے حوالے سے پارٹی کی سینئر قیادت سے تجاویز طلب کی گئیں جب کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ ترقیاتی بجٹ ہوگا جس میں تمام تر توجہ شرح نمو میں اضافے پر ہوگی،ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کرکے نئے منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا جس سے معاشی سرگرمیوں کوفروغ ملے گا اور روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے،جی ڈی پی کا حجم بڑھے گا اور محصولات میں بھی اضافہ ہوگا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کورونا کی وجہ سے دنیا بھر کی معیشت متاثر ہوئی ہے تاہم حکومت کی جامع پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت کا پہیہ رواں ہے۔کورونا وبا اور حالیہ سمارٹ لاک ڈاؤن کے باوجود اس سال اپریل میں محصولات کی شرح پچھلے سال سے تقریباً دوگنا ریکارڈ کی گئی ہے۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو مہنگائی کو روکنے کیلئے بنائی گئی جامع حکمتِ عملی سے بھی آگاہ کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں