بورڈ کو شان کی یاد آگئی ہائی پرفارمنس سینٹر طلب

فارم بحالی کیلیے یوسف کی رہنمائی حاصل، اسد شفیق ماضی کی یاد بن گئے

سینئر بیٹسمین کے نظر انداز ہونے پر حیرت کا اظہار، شرجیل نے رپورٹ کردی فوٹو: فائل

پی سی بی کو شان مسعود کی یاد آگئی، خامیاں دور کرنے کیلیے جنوبی افریقہ کا رخ کرنے والے اوپنر کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر طلب کر لیا، فارم کی بحالی کے لیے محمد یوسف کی رہنمائی حاصل ہے، اسد شفیق ماضی کی یاد بن کر رہ گئے، شرجیل خان نے بھی رپورٹ کردی۔

تفصیلات کے مطابق شان مسعود کو جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کیلیے قومی اسکواڈ سے باہر کردیا گیا تھا، پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز کی قیادت بھی ان سے جھن گئی، پاکستان میں کوچز کی بھرمار ہونے کے باوجود قومی ٹیم میں واپسی کے خواہاں شان مسعود فارم کی بحالی کیلیے جنوبی افریقہ پہنچ گئے تھے، کیپ ٹاؤں میں گیری کرسٹن کی اکیڈمی میں ٹریننگ کرتے رہے، اس حوالے سے رپورٹ ایکسپریس میں شائع ہونے کے بعد اب پی سی بی کو بھی بھولے بسرے اوپنر کی یاد آگئی، وطن واپس آنے والے شان مسعود نے محمد یوسف کی نگرانی میں بیٹنگ کی خامیاں دور کرنے کیلیے کام شروع کردیا ہے۔


اوپنر کی تو کسی نہ کسی طور سنی گئی لیکن ان سے پہلے ہی قومی ٹیم سے باہر اسد شفیق ماضی کی یاد بن کر رہ گئے ہیں،ماضی میں کبھی قومی ٹیم کا مستقل حصہ سمجھے جانے والے مڈل آرڈر بیٹسمین کو ہائی پرفارمنس سینٹر بلانے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی، ان کو یکسر نظر انداز کیے جانے پر کرکٹ حلقوں میں حیرت کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے، دوسری جانب شرجیل خان بھی سابق کپتان سے رہنمائی حاصل کرنے کیلیے لاہور میں قائم نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر پہنچ چکے ہیں۔

اوپنر نے گزشتہ روز پریکٹس بھی شروع کردی، ان کی فٹنس پر بھی کام کیا جائے گا، اس سے قبل اعظم خان کی ٹریننگ کا سلسلہ بھی جاری ہے، ذرائع کے مطابق یہ کھلاڑی7 مئی تک محمد یوسف کی کوچنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔دریں اثناء پیسر ثمین گل کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے بھی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کام کیا جا رہا ہے، امام الحق اور وہاب ریاض سمیت چند کرکٹرز اپنے طور پر بھی ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
Load Next Story