وزیراعلیٰ کی ڈبلیو ایچ او سربراہ سے ملاقات کورونا صورتحال اور ہیلتھ پالیسی پر گفتگو

بلوچستان میں صحت عامہ کے شعبے کی بہتری کے لئے ہیلتھ پلان بنا رہے ہیں، جام کمال خان


ویب ڈیسک May 03, 2021
بلوچستان میں صحت عامہ کے شعبے کی بہتری کے لئے ہیلتھ پلان بنا رہے ہیں، جام کمال خان . (فوٹو، فائل)

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈاکٹر پلیتھا کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں کورونا کی موجودہ صورتحال اور ہیلتھ پالیسی پر گفتگو کی گئی۔

وزیراعلیٰ اور ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کے درمیان ملاقات میں ہیومین ریسورس کی بہتری اور ہیلتھ کارڈ کے امور پر بھی گفتگو کی گئی جب کہ کورونا کے بھارت سمیت دنیا بھر میں پھیلاؤ اور سنگین مضمرات کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر پلیتھا کو حکومت بلوچستان کے محکمہ صحت اور کورونا سے متعلق اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں صحت عامہ کے شعبے کی بہتری کے لئے ہیلتھ پلان بنا رہے ہیں، ہمیں ہیومن ریسورس اور انفرااسٹرکچر کی بہتری کیلئے کام کرنا ہوگا جب کہ صحت کے شعبے میں ڈی سینٹرلائزیشن کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

ڈاکٹر پلیتھا نے وزیراعلیٰ کو عالمی ادارہ صحت کے بلوچستان میں منصوبوں سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ انشورنس کوریج پروگرام کے مثبت نتائج ہوں گے، ویکسی نیشن سینٹرز، سول اسپتال کی بہتری کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے، کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ اور کنٹیکٹ ٹریسنگ پر فوکس کرنا ہوگا۔ ڈبلیو ایچ او نے حکومت بلوچستان کے ہیلتھ کارڈ کے اجراء کی منظوری کو سراہا۔

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے محکمہ صحت بلوچستان کیلئے ایمبولینسز اور موٹر سائیکلوں کی چابیاں بھی وزیراعلیٰ کے حوالے کیں۔ اس موقع پر جام کمال خان نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی امداد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں