فیفا نے کرسچیانو رونالڈو کو 2013 کا بہترین فٹ بالر قرار دے دیا

کرسچیانو رونالڈو نے 2013 میں اپنے ملک اور کلب کی جانب سے 56 میچوں میں حصہ لیا اور اس دوران انھوں نے 66 گول کئے۔

خرسچیانو رونالڈو کا مقابلہ لیوئنل میسی اور فرینک ریبری سے تھا۔ فوٹو: اے ایف پی

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے پرتگال کے کرسچیانو رونالڈو کو سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیتے ہوئے انھیں بیلن ڈی اور ایوارڈ سے نوازا ہے۔



سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں منعقدہ تقریب میں کرسچیانو رونالڈو کو سال کے بہترین فٹ بالر کے اعزاز سے نوازا گیا، اس اعزاز کے حصول کے لئے ان کا مقابلہ ارجنٹائن کے لیوئنل میسی اور فرانسیسی کھلاڑی فرینک ریبری سے تھا تاہم 2013 میں شاندار کارکردگی دکھانے پر انتخاب فیفا کے ارکان کی فٹبال ٹیموں کے کپتانوں، کوچ اور صحافیوں پر مشتمل کمیٹی نے رونالڈو کو اس ایوارڈ کا مستحق قرار دیا۔ کرسچیانو رونالڈو نے 2013 کے دوران اپنے ملک اور کلب کی جانب سے 56 میچوں میں حصہ لیا اور اس دوران انھوں نے 66 گول کئے تھے۔


تقریب میں فیفا پرو ورلڈ XI ٹیم سمیت سات ایوارڈز کا بھی اعلان کیا گیا جس کے تحت جرمنی کی خاتون گول کیپر ندین اینگرر کو بہترین خاتون کھلاڑی،جرمنی ہی کے کلب بائرن میونخ کے سابق کوچ جُپ ہینکس کو سال کا بہترین کوچ جبکہ سویڈن کے ابراہمووچ کے گول کو سال کا بہترین گول قرار دیا گیا اس کے علاوہ جبکہ فیئر پلے ایوارڈ افغانستان کو دیا گیا۔ تقریب میں لیجنڈ فٹبالر پیلے کو بھی اعزازی بیلن ڈی اور ایوارڈ سے نوازا گیا۔


Load Next Story