FAISALABAD:
عراق کے دارالحکومت بغداد میں یکے بعد دیگرے 4 کار بم دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات میں 30 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ کار بم دھماکے اس وقت ہوئے جب شہر کے وسط میں واقع مارکیٹ کے باہر لوگوں نے عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں تقریب کا اہتمام کررکھا تھا، بغداد کے سیکیورٹی حکام اور طبی عملے نے بم دھماکوں میں کم از کم 28 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے جبکہ درجنوں زخمی ہیں، دوسری جانب بغداد کے جنوب میں واقع قصبے مدین میں پولیس کی چیک پوسٹ پر فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار سمیت دو افراد ہلاک جبکہ 6 زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ عراق میں فرقہ وارانہ بد امنی اپنی انتہا پر ہے صرف گزشتہ برس پرتشدد واقعات میں 9 ہزار افراد اپنی زندگی کی بازی ہار گئے تھے، اس کے علاوہ صوبہ الانبار پر القاعدہ کے جنگجوؤں کا قبضہ کئی ہفتے گزر جانے کے باوجود برقرار ہے اور عراقی افواج علاقے میں اپنی رٹ قائم کرنے کے لئے مسلسل حملے کررہی ہے۔