ایران میں سوئس سفارت خانے کے ملازم کی لاش برآمد

سوئٹزرلینڈ کا 52 سالہ شہری تہران میں واقع سوئس قونصلیٹ میں فرسٹ سیکریٹری کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہا تھا


ویب ڈیسک May 04, 2021
سفارت خانے کے ملازم کی لاش عمارت کے باغیچے میں ملی تھی۔(فوٹو: رائٹرز)

ایرانی دارلحکومت تہران کی رہائشی عمارت کے باغیچے سے سوئس سفارت خانے کے ملازم کی لاش برآمد ہوئی ہے، جو کہ مبینہ طور پر بلڈنگ کے سترہویں فلور سے گر کر جاں بحق ہواہے۔


غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیشنل ریسکیوسروس کے ترجمان مجتبی خالدی کا کہنا ہے کہ منگل کی صبح تہران کی شمالی تحصیل میں رہائشی عمارت کامرانیہ کے ٹاور کے پاس سے ملنے والی لاش کی شناخت سوئس سفارت خانے کے اہل کار کی حیثیت سے ہوئی ہے۔ سوئٹزرلینڈ کا یہ 52 سالہ شہری تہران میں واقع سوئس قونصلیٹ میں فرسٹ سیکریٹری کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہا تھا۔


خالدی کا کہنا ہے کہ یہ اہل کار اسی عمارت میں رہائش پذیر تھا اور مبینہ طور پر سترہویں فلور سے گرنے کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوئی۔ تاہم اس کے گرنے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں۔


دریں اثنا سوئس وزارت خارجہ کے فیڈرل کاؤنسلر اگنازیو کاسس نے ایران میں اپنے قونصلیٹ کے ملازم کی ایک حادثے میں موت کی تصد یق کرتے ہوئے کہا ہےکہ اس معاملے پر ایران میں ہمارا سفارت خانہ مقامی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہے۔


ایران کی وزارت خارجہ نے بھی اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد بیان جاری کیا جائے گا۔


تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں