لاہور میں قتل ہونے والی برطانوی نژاد پاکستانی لڑکی کے مبینہ قاتل گرفتار

ماہرہ کی گردن کے نزدیک گولی لگی ہے اور جسم پر بھی زخم کے نشان پائے گئے ہیں، پولیس حکام


ویب ڈیسک May 05, 2021
ماہرہ چند روز قبل ہی اپنی دوست سجل کے ہمراہ برطانیہ سے پاکستان آئی تھی، پولیس حکام۔ فوٹو:ایکسپریس

پولیس نے برطانوی نژاد پاکستانی لڑکی مقتولہ ماہرہ کے مبینہ قاتل ظاہر جدون اور سعد امیر بٹ کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز فائیو میں قتل ہونے والی جواں سال برطانوی نژاد لڑکی کے مبینہ قاتلوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ مقتولہ ماہرہ کے چچا کے بیان پرچار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے، جن میں سے دو نامزد ملزمان اورلڑکی کے دوست ظاہر جدون اور سعد امیر بٹ کو گرفتار کرلیا ہے، جب کہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: لاہور میں برطانوی نژاد پاکستانی لڑکی قتل

حکام کے مطابق 26 سالہ ماہرہ کے والدین بیرون ملک مقیم ہیں، ماہرہ چند روز قبل ہی اپنی دوست سجل کے ہمراہ برطانیہ سے پاکستان آئی تھی، اور فیز فائیو میں کرائے کے گھر میں اپنی دوست اقرا کے ہمراہ رہائش پزیر تھی، مقتولہ کو سحری کے وقت اس کے دوست گھر چھوڑ کر گئے اور دوپہر میں لاش برآمد ہوئی، ماہرہ ذوالفقارکے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ بھی جاری کردی گئی جس کے مطابق ماہرہ کی گردن کے نزدیک گولی لگی ہے اور جسم پر بھی زخم کے نشان پائے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ڈیفنس فیز فائیو میں برطانوی نژاد پاکستانی لڑکی کو قتل کردیا گیا تھا، مقتولہ کے چچا محمد نذیر نے تھانہ ڈیفنس بی پولیس میں دو نامزد ملزمان سمیت چار افراد کے خلاف لڑکی کے قتل کا مقدمہ درج کرایا، اور ایف آئی آر میں بتایا کہ ماہرہ ذوالفقار کے والد لندن میں رہتے ہیں اور وہ لاہور میں اپنے دوستوں کے ساتھ رہتی تھی، مقدمے میں نامزد ملزمان ظاہر جدون اور سعد امیر بٹ مقتولہ ماہرہ ذوالفقار کے ساتھ شادی کے خواہش مند تھے، مقتولہ ماہرہ نے اپنے دونوں دوستوں کے ساتھ شادی سے انکار کر دیا تھا، اور شادی سے انکار پر ماہرہ کو دونوں دوستوں سے جان کا خطرہ تھا، اسے اس کے دوستوں ظاہر جدون اور سعد امیر بٹ نے قتل کیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں