NA249 ضمنی انتخاب ووٹوں کی دوبارہ گنتی آج سے شروع ہوگی

گنتی میں 4 سے 5 دن یا اس سے بھی زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔


Staff Reporter May 06, 2021
دوبارہ گنتی کے لیے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے 30 امیدواروں کو بھی بلایا گیا ہے۔ فوٹو : فائل

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکم پر کراچی میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں کاسٹ کیے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی آج سے شروع ہوگی۔

مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مفتاح اسماعیل کی درخواست پر آج جی سی ٹی کالج سائٹ میں آج صبح 9 بجے تمام پولنگ اسٹیشنز میں ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل شروع کیا جائے گا، گنتی ریٹرننگ افسر سجاد خٹک کی زیر نگرانی ہوگی جبکہ ریجنل کمشنر حیدرآباد سائیں بخش چنٹر ان کی معاونت کریں گے۔

اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس میں ڈسڑکٹ ریٹرننگ آفیسر سید ندیم حیدر، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر غربی حامد حسین اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر وسطی محمد یوسف بھی شامل ہونگے۔ اگر ایک دن میں 50 پولنگ اسٹیشن میں کاسٹ کیے گئے ووٹ کا جائزہ لیا جائے تب بھی مکمل گنتی کے لیے کم از کم 5 دن کا وقت درکار ہوگا۔

اگر اس سے کم پولنگ اسٹیشنز میں کاسٹ کیے گئے ووٹ کی جانچ پڑتال کی گئی تو دوبارہ گنتی کا عمل اس سے بھی طویل ہوسکتا ہے، پہلے دن کی گنتی کے بعد دوبارہ گنتی کے دورانیے کا درست اندازہ لگایا جاسکے گا، ہفتہ اور اتوار کو بھی یہ عمل جاری رکھا جائے گا۔

دوران گنتی ایک ایک ووٹ کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور حتمی نتیجے میں فارم 45 اور 47 کے نتیجے کا موازنہ کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں