نواب شاہ میں ٹریفک حادثہ 19 طالب علموں سمیت 22 افراد جاں بحق متعدد زخمی

قاضی احمد روڈ پر روہڑی کنال کے مقام پر تیز رفتار ڈمپر نے بچوں کی اسکول وین اور 2 مسافر گاڑیوں کو ٹکر ماردی


ویب ڈیسک January 15, 2014
حادثے میں 5 بچوں سمیت 15 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے، فوٹو:ایکسپریس نیوز

قاضی احمد روڈ پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں اسکول کے 19 طالب علموں سمیت 22 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نواب شاہ میں قاضی احمد روڈ پر روہڑی کنال کے مقام پر تیز رفتار ڈمپر نے بچوں کی اسکول وین اور 2 مسافر گاڑیوں کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 19 طالب علموں سمیت 22 افراد جاں بحق ہوگئے، اسکول وین میں 20 سے زائد بچے سوار تھے اور ان کی عمریں 8 سے 15 سال کے درمیان تھیں، حادثے میں 5 بچوں سمیت متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، جس وقت حادثہ پیش آیا اس وقت اسکول کے بچے کسی دوسرے اسکول مقابلے میں شرکت کرکے واپس جارہے تھے۔

واقعے کے بعد ریسکیو اہلکاروں اور پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق اور زخمی افراد کو پی ایم سی اسپتال منتقل کردیا، اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔

حادثے کے بعد پولیس نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں جب کہ انتظامیہ کی جانب سے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ دوسری جانب گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں