نئی دلی میں ہوس کے پجاریوں نے ڈنمارک کی خاتون سیاح کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا

ہوٹل واپسی پر راستہ بھٹکنے پر سیاح نے چند افراد سے مدد مانگی جنہوں نے اسے اپنی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا،پولیس


BBC/ January 15, 2014
ہوٹل واپسی پر راستہ بھٹکنے پر سیاح نے چند افراد سے مدد مانگی جنہوں نے اسے اپنی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا،پولیس۔ فوٹو: فائل

بھارتی دارالحکومت میں ڈنمارک کی 51 سالہ خاتون سیاح کو نامعلوم افراد اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد فرار ہوگئے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔


غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈنمارک کی سیاح پہاڑ گنج کے علاقے میں ایک ہوٹل میں گزشتہ ایک ہفتے سے قیام پذیر تھیں، رات گئے ہوٹل واپسی پر سیاح راستہ بھٹک گئیں اور انہوں نے اس دوران وہاں موجود افراد سے ہوٹل کا راستہ پوچھا، غیرملکی خاتون کو ان لوگوں نے راستہ بتانے کے بجائے اپنی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا، ہوٹل پہنچنے پر سیاح نے ہوٹل منیجر کو واقعے سے آگاہ کیا جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔


نئی دلی پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون سیاح رات دیر گئے ہوٹل لوٹ رہی تھیں کہ راستہ بھول گئیں، ملزمان نے پہلے ان سے نقدی اوردیگر چیزیں چھینی جس کے بعد انہیں زیادتی کا نشانہ بناڈالا، ابتدائی طور پر متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔


واضح رہے کہ چند روز قبل ہی نئی دلی میں ٹیکسی ڈرائیور نے پولینڈ کی خاتون سیاح کو ہوس کا نشانہ بنایا تھا جبکہ ہماچل پردیش میں گزشتہ برس جولائی کے مہینے میں ایک امریکی خاتون سیاح کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں