قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے طالبان سے مذاکرات کے لئے جو تلوار چوہدری نثارعلی کو سونپی ہے خدشہ ہے کہ وہ کہیں اور نا چلا دیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ طابان سے مذاکرات کے لئے اپوزیشن نے حکومت کی بھرپور حمایت کی تاہم وزیراعظم نے طالبان سے مذاکرات کے لئے جو تلوار چوہدری نثار کو سونپی ہے خدشہ ہے کہ وہ کہیں اور نا چلا دیں، چوہدری نثار کی زبان میں شائستگی نہیں وہ اب بھی خود کو اپوزیشن لیڈر سمجھتے ہیں تاہم ان کی بچکانہ باتیں افسوسناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کے معاملے پر حکومت سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا اور امید ہے طبیعت ٹھیک ہونے پر کمانڈو عدالت ضرور جائیں گے۔
سید خورشید شاہ نے سوات میں فوجی چھاؤنی کے قیام کے حکومتی اقدام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سوات میں فوجی چھاؤنی کا قیام احسن اقدام ہے اور اپوزیشن اس کی بھرپور حمایت کرتی ہے،اپوزیشن نے ہر معاملے پر وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کئے، نواز شریف پارلیمنٹ آئیں اپوزیشن انہیں کچھ نہیں کہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلدیاتی انتخابات سے قبل مردم شماری کرائے اس سلسلے میں وزیراعظم کو خط لکھ دیا گیا ہے۔